Live Updates

سردارعبدالقیوم خان نیازی کی گرفتاری ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہے، شہنازخان

پیر 4 اگست 2025 16:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی سینئر رہنما شہناز خان نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی بلا جواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری نہ صرف سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے بلکہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری حقوق پر حملہ بھی ہے، سردار عبدالقیوم نیازی ایک باوقار سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ قانون، جمہوریت اور آئین کی سربلندی کی بات کی ہے، وہ نہ صرف آزاد کشمیر کے منتخب وزیر اعظم رہ چکے ہیں بلکہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ وفاداری کی علامت بنے ہوئے ہیں، ان کی گرفتاری ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہے جو اختلاف رائے کو دبانے کے لیے سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی روش کو فروغ دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ جب پورا آزاد کشمیر 5 اگست کے بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج اور چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کر رہا ہے ایسے میں نیازی صاحب کو اس وقت گرفتار کرنا جب وہ ایک پُرامن ریلی کی قیادت کر رہے تھے، دنیا کو کشمیر کے بارے میں کیا پیغام دے رہا ہے، کیا ہم یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہاں آواز بلند کرنا جرم ہی شہناز خان نے کہا کہ اگر سردار عبدالقیوم نیازی کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو حالات کی خرابی اور اس کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت آزاد جموں و کشمیر پر عائد ہوگی، یہ گرفتاری نہ صرف سیاسی تعصب کا اظہار ہے بلکہ جمہوریت کی روح کے بھی منافی ہے، نیازی صاحب ایک نظریاتی رہنما ہیں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، ان کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی دراصل تحریک انصاف کی قیادت کو دبانے اور عوامی شعور کو کچلنے کی کوشش ہے، لیکن تحریک انصاف کے کارکن اور کشمیری عوام کسی قیمت پر یہ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر آئینی و قانونی تقاضے پورے کریں اور نیازی صاحب کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں، شہناز خان نے کہا کہ نیازی صاحب کو حراست میں رکھ کر کشمیری عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے، ایسی کارروائیاں نہ ماضی میں عوامی شعور کو دبا سکیں اور نہ آئندہ کامیاب ہوں گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات