بھارت نے آپریشن سندور کے دوران بین الاقوامی مسافرپروازوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا

پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کو روکنے کے لیے سویلین طیاروں کا جان بوجھ کر استعمال کیا گیا

پیر 4 اگست 2025 17:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)اوپن سورس انٹیلی جنس نے انکشاف کیاہے کہ مئی 2025میں بھارتی فضائیہ کے آپریشن سندور کے دوران بھارت نے جان بوجھ کربین الاقوامی سویلین پروازوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جس سے سینکڑوں جانیں خطرے میں پڑ گئیں اور یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اوپن سورس انٹیلی جنس کے تجزیہ کاروں اور ہوا بازی کے ماہرین نے کہاکہ فلائٹ لاگ اور سیٹلائٹ ڈیٹا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ7مئی کو تھائی ایئرویز، کویت ایئرویز، قطر ایئرویز، چائنا سدرن اور دیگر کی طرف سے چلائی جانے والی متعدد سویلین پروازوں کو جان بوجھ کر پاک بھارت سرحد کے قریب انتہائی خطرے والے فضا ئی راستے پر ڈالا گیا تھا جس علاقے میں بھارت فضائی حملے کررہاتھا۔

(جاری ہے)

یہ اقدام بھارت کی طرف سے کارروائیاں اور حملے ختم ہونے کے فوراً بعد کیاگیا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کو روکنے کے لیے سویلین طیاروں کا جان بوجھ کر استعمال کیا گیا۔ٹائم لائن سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجکر10 منٹ اور 12 بجکر35منٹ کے درمیان یہ شہری پروازیں ان خطرے والے علاقوں کے قریب پرواز کررہی تھیں جہاں سے بھارت نے حملہ کیا۔

پاکستان ایئر فورس کی بریفنگ نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی کہ کم از کم 57 مسافر پروازیں جنگ زدہ علاقوں میں یا اس کے آس پاس موجود تھیں اوریہ پروازیں پاک فضائیہ کے اہداف کے قریب تھیں۔یہ سوچی سمجھی منصوبہ بندی جنیوا کنونشنز کے پروٹوکول اور روم قوانین کی دفعہ 8کی خلاف ورزی ہے جن میں فوجی کارروائیوں سے بچنے کے لیے عام شہریوں کو استعمال کرنے سے منع کیاگیا ہے۔

پاک فوج کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا اگر پاکستان بغیر تحمل کے جواب دیتا تو اس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہو سکتی تھیں۔ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO)اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں اور بین الاقوامی مسافروں کو خطرے میں ڈالنے اور جنگی اصولوں کی خلاف ورزی پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔بین الاقوامی مسافر پروازوں کا ڈھال کے طورپر استعمال بھارت کی ناقص فوجی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جو بین الاقوامی قانون اور انسانی زندگی کے حوالے سے مودی حکومت کی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔