یوم شہداء کی مناسبت سے سندھ پولیس سکھر ریجن کی جانب سے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں تقریب کا انعقاد

پیر 4 اگست 2025 18:05

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)یوم شہداء کی مناسبت سے سندھ پولیس سکھر ریجن کی جانب سے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز شہدا ء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک دستاویزی فلم سے کیا گیا، جس نے حاضرین کو جذباتی کر دیا۔

تقریب میں کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی اظہر مغل، پاکستان رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل عاطف، ڈپٹی میئر ارشد مغل سمیت شہداء کے ورثاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، شہداء قوم کے اصل ہیرو ہیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے خاندانوں کے لیے ایک لاکھ روپے تحفے کے طور پر دیے گئے ہیں، جبکہ شہداء کے لیے مختص 20 ایکڑ زمین کو بڑھا کر 25 ایکڑ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ، ہماری حفاظت کے لیے شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا۔ سندھ حکومت شہداء کے خاندانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں سن کوٹہ اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، پولیس محکمے میں ایک واٹس ایپ گروپ قائم کیا گیا ہے، جس میں شہدائ کے خاندانوں کے نمبرز شامل کیے گئے ہیں، تاکہ وہ براہِ راست ہمیں اپنے مسائل سے آگاہ کر سکیں اور ہم ان کا فوری حل فراہم کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے کہا کہ شہادت کا مقام نہایت اعلیٰ اور مقدس ہوتا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کے خاندانوں کا خاص خیال رکھیں۔ میں تمام شہداء کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے ورثاء میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔