عمرکوٹ ،یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر عمرکوٹ میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 18:00

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع عمرکوٹ میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع انتظامیہ عمرکوٹ کی جانب سے ایک بڑی واک ریلی ڈپٹی کمشنر آفیس سے پریس کلب عمرکوٹ تک نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے کی۔ریلی میں ایس ایس پی عمرکوٹ عذیر احمد میمن، اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی، مختیارکار عمرکوٹ اظھر علی چاچڑ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عمرکوٹ نور محمد شیخ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمرکوٹ محمد اسلم بھٹی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عنایت اللہ کنبھر، پرنسپل ھائی سکول ون دلیپ کمار، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر گٹیش کتری، تعلقہ ایجوکیشن آفیسرز، میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے ٹاؤن آفیسر اویس سمیجو، مختلف محکموں کے افسران، بلدیاتی نمائندگان، سول سوسائٹی کے نمائندوں میر حسن آریسر، عبداللہ کوسو، صحافیوں، مختلف اسکولوں کے طلباء، اساتذہ اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے حق میں بینرز، پلے کارڈز اور پاکستانی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کی عوام ہر فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں آج کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں پر ظلم و جبر کرکے انہیں اپنے قبضے میں لیا، ہم ان کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔

اس موقع پر ایس ایس پی عمرکوٹ عذیر احمد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت ظلم سے زیادہ دیر تک ان کی آواز کو نہیں دبا سکتا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی، سماجی تنظیم سی ایس ایس پی کے ڈسٹرکٹ مینجر میر حسن آریسر اور دیگر نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ جبکہ ریلی کے اختتام پر مولانا عبدالقادر جمالی نے پاکستان کی سالمیت، وقار اور شہداء کشمیر کے لیے خصوصی دعا کی، جب کہ دوسری جانب عمرکوٹ کے تحصیلوں، مختلف اسکولوں میں کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔\378