سکھر آئی بی اے میں یومِ استحصال کی مناسبت سےسیمینار کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 19:46

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں یومِ استحصال کی مناسبت سے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہارپرسیمینار اور پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی کیمپس میں منعقدہ اس تقریب میں فیکلٹی اراکین، ماہرین تعلیم اور طلبہ نے شرکت کی جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری تنازعے کے تاریخی، سیاسی اور انسانی حقوق کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

حکومتِ سندھ کی ہدایت کے مطابق سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں بھی صبح 10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تاکہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی محاصرے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔ یہ خاموشی سندھ بھر کے سرکاری دفاتر، خودمختار اداروں اور تعلیمی اداروں میں اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز سید سکندر علی شاہ کی ابتدائی پریزنٹیشن سے ہواجس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کا ایک جامع تاریخی جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں آج بھی جاری ہیں۔اس کے بعد پینل ڈسکشن کا انعقاد ہوا، جس میں ڈاکٹر سید حسن شاہ، جناب میر اسد تالپور، ڈاکٹر منصور اور سید سکندر علی شاہ نے حصہ لیا۔

مقررین نے کشمیر میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت آزادانہ اور شفاف رائے شماری ہے۔اختتامی کلمات ڈاکٹر نور حسین شر (ڈائریکٹر، آئی بی اے کمیونٹی کالجز و اسکولز) نے ادا کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات اور تعلیمی ادارے قومی اور بین الاقوامی مسائل پر مکالمے اور شعور بیدار کرنے کے اہم پلیٹ فارم ہونے چاہئیں۔ تقریب کا اختتام کشمیری عوام سے یکجہتی، ہمدردی اور ان کے حقِ خودارادیت کی بحالی کے لیے پرامن اور سفارتی کوششوں کے عزم کے ساتھ ہوا۔