یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں لاہور، کراچی ، کوئٹہ میں ریلیاں اورتقریبات کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں کراچی ، لاہور اورکوئٹہ میں ریلیوں اورتقریبات کا انعقادکیاگیا جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لاہور میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ایک ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں حریت رہنمائوں شمیم شال ، انجینئر مشتاق اورگلشن احمد نے شرکت کی ۔

مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی اوریکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم روکنے اورتنازعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کے لئے فوری مداخلت کرے۔

(جاری ہے)

ادھرکشمیر سنٹر لاہور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پرشاہراہ قائداعظم پر دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا اور بھارتی مظالم پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئیں۔ دستخطی مہم میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔شرکاء نے بھارت کی جانب سے 5اگست 2019 کے اقدامات کی مذمت کی۔

دستخطی مہم میں سابق وزیرحکومت ناصر حسین ڈار، ممبرضلع کونسل راجہ محمد شفیق، سکھ کمیونٹی کے رہنما اور کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹرممپال سنگھ، ممتاز عالم دین علامہ مشتاق قادری، معروف سکاوٹس لیڈر مقصود چغتائی، سابق مسٹر پاکستان محمود خان کشمیری، لاہور ریڈرز کلب کے فیصل ربانی، شیخ امجد حسین، فاروق منہاس ایڈووکیٹ کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنمائوں، کارکنوں،تاجروں، طالب علموں اورعام شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیاگیا کہ بھارت اپنے 5اگست کے اقدامات کو نہ صرف فوری واپس لے بلکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلو م عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت د ینے کے لئے استصواب رائے کا انعقاد یقینی بنائے۔ کراچی میں بھی یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹر پرویز احمد شاہ نے بھی شرکت کی ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ 5اگست 2019کے غیر قانونی اوریکطرفہ اقدامات واپس لینے کے لئے بھارت پر دبائوڈالے۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بے پناہ مظالم کے باوجود کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ۔ مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

کوئٹہ میں ڈی سی آفس سے صوبائی اسمبلی تک ریلی کا انعقادکیاگیا جس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ ،حریت رہنما زاہد صفی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ مہر اللہ بادینی اور دیگر نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

حریت رہنما زاہد صفی نے اس موقع پر کہاکہ پانچ اگست کو جموں کشمیر کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ بھارتی حکومت نے 2019میں اسی دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی طور پر ختم کردی اور کشمیریوں کو دبانے کے لیے تشدد، لاک ڈائون اور دیگر جابرانہ اقدامات کئے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو یک طرفہ طور پر تبدیل کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کشمیر ی عوام کی طرف سے پاکستان اور بلوچستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان کی طرح بلوچستان میں بھی عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لیے موجود ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ مہر اللہ بادینی نے کہاکہ ہم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے۔

جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ اور مہاجرین اتحاد فورم کے زیر اہتمام میرپور آزاد جموں کشمیر میں بھی یوم استحصال کشمیرکے موقع پر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت قاضی عمران، ظہیر جرال، خواجہ ایاز، امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور مولانا عتیق اور رفیوجی ایکشن کمیٹی کے صدر شبیر چیچی نے کی ۔ ریلی سے اعجاز میر، عبدالماجد خان، شوکت کالس ،پروفیسر اذکار مرزا ،حافظ طالب ،قاسم شاہ، سردار خوشید ،مبشراحمد، حافظ الحمید، راجہ ٹکا خان ، ڈاکٹر امجداور محمد فاروق نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ 5اگست 2019کا دن ریاست جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے لاکھوں کی تعداد میں غیر ریاستی افراد کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے جن کا مقصد ریاست جموں کشمیر سے مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کر کے اس کو ایک ہندو ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور جب تک بھارت کا آخری فوجی بھی جموں و کشمیر میں موجود ہے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کوٹلی میں بھی ایک ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔