ملک گروپ کا سندھ میںای وی اسٹیشنزکا قیام خوش آئند ہے،ناصر حسین شاہ

میئرکراچی کے ساتھ ملکر تین مقامات پر ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگارہے ہیں،ملک خدا بخش

منگل 5 اگست 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے توانائی کے کنوینر اورملک گروپ کے چیئرمین ملک خدا بخش کے سندھ سمیت ملک بھر میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ ایکوئپمنٹس لگانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ توانائی کے شعبے میں نئی کروٹ لینے کو تیار ہے، کے الیکٹرک کو نوری آباد پاور پلانٹ سمیت سندھ کے دیگر ہائبرڈ اور سولر پارکس سے سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور آئندہ بھی مزید سستی بجلی دی جائے گی، مگر اس کے باوجود کے الیکٹرک فوسل فیول کی قیمتوں پر غیر ضروری تحفظات ظاہر کرتی ہے، جو افسوسناک ہے۔

جبکہ چیئرمین ملک گروپ ملک خدا بخش نے کہا کہ وفاق اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس کیلئے کئے گئے اقدامات صرف توانائی بحران کا حل نہیں، بلکہ معیشت کی بحالی، ماحولیات کے تحفظ، اور ٹیکنالوجی میں خودکفالت کی جانب ایک بڑا قدم ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ توانائی کی دوڑ میں اب کسی سے پیچھے نہیں۔

ایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت سولر پر ٹیکس نہیں لگائے گی کیونکہ یہ صاف، سستا اور پائیدار توانائی کا ذریعہ ہے جسے مزید عام کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں،نائب صدرامان پراچہ،ریجنل چیئرمین ونائب صدر عبدالمہمن خان بھی موجود تھے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ونڈ، سولر اور تھر کول جیسے قدرتی وسائل کے ذریعے توانائی کے شعبے میں خودکفالت حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے،اگر وفاقی حکومت سنجیدگی سے تعاون کرے تو سندھ پورے ملک کو بجلی فراہم کر سکتا ہے۔ملک خدا بخش نے بتایا کہ چائناکی کمپنی اے ڈی این گروپ کے تعاون سے کراچی سمیت ملک کے اہم ترین شہروں میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس لگانے کیلئے پہلی شپمنٹ کراچی پہنچ گئی، ہماری کوششوں سے چینی کمپنی اے ڈی این گروپ نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس میں 240ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانب قدم بڑھایا ہے اورپاکستان میں مجموعی طور پر 3000 ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔

ملک خدا بخش نے بتایا کہ کراچی میں ابتدائی طور پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اعلان کردہ تین مقامات کے ایم سی ہیڈ آفس،واٹر بورڈ پارکنگ شاہراہ فیصل اورڈالمین مال کلفٹن پارکنگ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ایکوئپمنٹس لگائے جارہے ہیں جبکہ سندھ حکومت کے تعاون سے صوبے کے دیگر شہروں میں بھی ای وی اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا رخ ایک بار پھر پاکستان کی جانب ہوچکا ہے۔