حکومت پنجاب کی ہدایت پر صادق آباد میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:00

05 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر صادق آبادضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم استحصال کشمیربھرپور انداز سے منایا گیا۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔صبح10بجے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے1منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔احتجاجی ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہو اجو سٹی سنٹر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر آفیسر نے ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر ضلعی محکموں کے افسران و اہلکاران، ممبران ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری، بابر زمان، قاری ظفر اقبال شریف، قاضی جواد احمد، رانا محمد جاوید خان سمیت اقلیتی برادری، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم و بربریت کے خلاف نعرے بازی کی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5اگست2019کو بھارت نے اقوام متحدہ اور جنیواکنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی،بھارت کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم کی انتہا کررہا ہے مگر بھارتی فوج کی غاصبانہ کارروائیاں مظلوم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ یوم استحصال منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔