پڑھی لکھی خواتین کو معاشرے میں آگے آکر ملک کی باگ دوڑ میں اپناکردار ادا کرنا چاہئے‘سردار سلیم حیدر خان

ملکی سیاست میں محترمہ فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو ایک مثال ،پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ اقتدار میں خواتین کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں

بدھ 6 اگست 2025 02:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پڑھی لکھی خواتین کو معاشرے میں آگے آکر ملک کی باگ دوڑ میں اپناکردار ادا کرنا چاہئے،ملک کی سیاست میں محترمہ فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو ایک مثال ہیں،پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ اقتدار میں خواتین کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے صدر وومن چیمبر گجرات صائمہ سرفراز اور تاجر راہنما وقار ایوب بٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں ملکی معیشت اور کاروباری معاملات میں خواتین کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کابڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ملکی سیاست، تجارت اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے اپنا لوہا منوایا ہے۔گورنر پنجاب نے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے والی خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہا۔

اُنہوں نے کہا کہ والدین بچیوں کو پڑھانے لکھانے اور اتنی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد گھروں میں نہ بٹھائیں بلکہ انہیں باہر نکل کر اپنی صلاحیتوں سے ملک کی ترقی میںکردار ادا کرنے کے مواقع دیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے دورہ اقتدار میں خواتین کے لیے سرکاری ملازمت میں کوٹہ رکھا اور روزگار کے مواقع فراہم کئے۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کی ہراسمنٹ کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس اختیار کیے ہوئے ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی پڑھی لکھی خواتین کو معاشرے میں آگے آکر ملک کی باگ دوڑ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی سیاست میں محترمہ فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو ایک مثال ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین کاروباری وتجارتی سرگرمیوںمیں عملی طور پر حصہ لیں تاکہ انہیں بااختیار بنایا جائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کے حکم کے مطابق گورنر ہاوس کے دروازے تاجر برادری کے مسائل حل کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے بھرپور تعاون رہے گا۔