امریکہ ،پاکستانی سفارتخانے میں یومِ استحصال کشمیر بارے تقریب ،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی مذمت

بھارت کی خواہش کے برعکس مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر ابھر آیا ہے، سفیر رضوان سعید شیخ

بدھ 6 اگست 2025 21:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے میں بھارت کی جانب سے 5اگست 2019ء کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت (آرٹیکل 370)کی یکطرفہ اور غیرقانونی منسوخی کے 6سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے یو م استحصال منایا۔تقریب کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام جو بھارتی ریاستی جبر کے خلاف اپنی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں، کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا ۔

یومِ استحصال کے موقع پر سفارتخانے نے ایک خصوصی ویبینار بعنوان کشمیر کی شناخت کو خطرہ کا انعقاد کیا، جس میں ماہرین، دانشوروں، کمیونٹی ارکان، امریکہ بھر میں پاکستانی قونصل خانوں کے نمائندگان اور ذرائع ابلاغ کے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ویبینار کا مقصد بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ و پرامن حل کی اہمیت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کا آغاز صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات سے ہوا، جن میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے اعادے کو دہرایا گیا۔ویبینار میں ممتاز مقررین ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سینیٹر (ر)مشاہد حسین سید، سفیر (ر)منیر اکرم، ڈاکٹر وکٹوریہ شوفیلڈ (برطانوی مورخ اور مصنفہ)نے شرکت کی۔

مقررین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی، سیاسی و قانونی انجینئرنگ، اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن و سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، خصوصا ایسے ماحول میں جہاں جوہری صلاحیت کے حامل ممالک شامل ہوں۔افتتاحی کلمات میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے یوم استحصال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019ء کا دن کشمیری عوام کیلئے ظلم و جبر کی تاریخ کا بدترین باب ہے، جب بھارت نے یکطرفہ طور پر آئین کے متعلقہ آرٹیکلز کو منسوخ کر کے کشمیریوں کے خصوصی حقوق چھین لئے۔

انہوںنے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے بعد پاکستان کی قومی ساکھ اور وقار کی بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔