خواجہ آصف نے وزارت سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کردی

سیالکوٹ کے اے ڈی سی آر کی گرفتاری پر وزیردفاع کی طرف سے استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوانے کی خبر آئی تھی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 10:26

خواجہ آصف نے وزارت سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزارت سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کردی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خبر دینے والے نے صرف اپنی خواہشات بیان کی ہیں حقیقت نہیں، میں نے وزارت سے استعفیٰ نہیں دیا، اگر بکواس کرنے کا کوئی پرائم ٹائم سلاٹ ہوتا تو یوتھیاز اس کی شہ سرخی ہوتے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبر آئی تھی کہ سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ( اے ڈی سی آر ) کی گرفتاری کے معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے، خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سیالکوٹ کے اے ڈی سی آر کی اینٹی کرپشن کی طرف سے گرفتاری کا تنازعہ بڑھ چکا ہے جس کے بعد خواجہ آصف نے وزیر اعظم کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا، خواجہ آصف نے مشیر برائے وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ کو بھیجے گئے استعفیٰ میں کہا کہ یا اے ڈی سی آر کو رہا کروائیں یا استعفیٰ منظور کرلیں۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ چند روز قبل سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ( اے ڈی سی آر ) کو محکمہ اینٹی کرپشن نے مبینہ مالی بدعنوانی ہر گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کا پانچ دن کا ریمانڈ بھی حاصل کیا گیا، مذکورہ اے ڈی سی آر نے عام انتخابات میں بطور ریٹرنگ آفیسر فرائض سر انجام دیئے تھے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف کا ایک بیان سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ہے اور اب شہریت لینی کی تیاری کر رہی ہے، یہ سب نامی گرامی بیوروکریٹس ہیں، یہ مگرمچھ اربوں روپے کھا کے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں، بزدار کا ایک قریب ترین بیوروکریٹ چار ارب بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی وصول کر چکا ہے اور آرام سے ریتٹائرمنٹ کی زندگی گذار رہا ہے، سیاستدان تو ان کا بچا کھچا کھا تے اور چولیں مارتے ہیں، نہ پلاٹ نہ غیر ملکی شہریت کیو ں کہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے، پاک سر زمین کو یہ بیروکریسی پلیت کر رہی ہے۔