چیئرمین سینیٹ کی مستونگ دھماکہ کی مذمت، شہداکو خراج عقیدت

جمعرات 7 اگست 2025 17:57

چیئرمین سینیٹ  کی مستونگ دھماکہ کی  مذمت، شہداکو خراج عقیدت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے قنزعہ میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے والے بزدلانہ آئی ای ڈی حملے کی شدید مذمت کی ہے، اس افسوسناک واقعہ میں پاک فوج کے تین جوان، میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور نائیک یونس جامِ شہادت نوش کر گئے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور امن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو اور فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور مادرِ وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پوری قوم یکجا ہے۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں جن کا صفایا ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے، بلکہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید متحد اور پُرعزم کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے شہداکے اہلِخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداکے اہلِخانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور پاکستان کی ریاست اور عوام اس جنگ میں مکمل یکجہتی اور استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔