ٴجدیدآلات سے لیس سول ڈیفنس میدان عمل میں تیار،سول سیکرٹریٹ میں پیشہ وارانہ مہارت کے عملی مظاہرے

چیف سیکرٹری نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرونز گرانے، بم ناکارہ بنانے کے عمل کا مشاہدہ کیا، خود کو بطور رضاکار رجسٹر بھی کروایا سول ڈیفنس کے رضاکار ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور دہشت گردی جیسے خطرات میں فرنٹ لائن سولجرز ہیں، تقریب سے خطاب

جمعرات 7 اگست 2025 23:40

}لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) سول ڈیفنس پنجاب کی جانب سے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی، آلات اور پیشہ وارانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی حالات، بم ڈسپوزل، اینٹی ڈرون اقدامات اور شہری تحفظ سے متعلق عملی مظاہرے پیش کیے گئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا استقبال سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دے کر کیا۔

بعد ازاں چیف سیکرٹری نے خصوصی پریڈ اور جدید آلات سے لیس فورس کے مظاہرے کا معائنہ کیا۔ مظاہرے میں بم ڈسپوزل روبوٹ، مائن ڈیٹیکٹر، سرویلنس و ریسکیو ڈرونز، اینٹی ڈرون گن، بم ڈسپوزل سوٹ، سنیک کیمرہ، آر سی وہیکل اور دیگر جدید آلات کا عملی استعمال پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

خاص طور پر دشمن کے ڈرون کو لیزر اینٹی ڈرون گن سے ناکارہ بنانے کا مظاہرہ شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا۔

ناقابل رسائی مقامات پر روبوٹ کے ذریعے بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کا منظر بھی دکھایا گیا۔ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضیغم نواز نے شرکاء کو ادارے کی کارکردگی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ سول ڈیفنس کے رضاکار ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور دہشت گردی جیسے خطرات میں فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سول ڈیفنس کی استعداد میں اضافے کا حکم دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی استعداد بڑھانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں اورنہ صرف سول ڈیفنس کے تربیتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سازوسامان بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ سول ڈیفنس اضلاع میں بم ڈسپوزل سکواڈ اور ضلعی انتظامیہ کو بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت کام کرنا ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر خود کو بطور رضاکار سول ڈیفنس میں باضابطہ رجسٹر بھی کروایا اور نوجوانوں کو اس قومی خدمت کا حصہ بننے کی ترغیب دی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ امن و جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی تربیت اور تیاری محض امن کے دنوں کی مشق نہیں بلکہ کسی بھی وقت درپیش خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کا ایک مسلسل عمل ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سول ڈیفنس نے 29 بھارتی ڈرونز کو کامیابی سے ناکارہ بنایا، جو کہ محکمے کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سول ڈیفنس کی خدمات میں عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے شہری خود کو بطور رضاکار رجسٹر کر کے تربیت حاصل کر سکیں گے۔

تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سیکرٹری ہاؤسنگ و سابق سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، کمشنر لاہور، سپیشل سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی، ڈی جی پفڈا اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔