مزید ایک سوٹن امداد ی سامان فلسطین روانہ ، اب تک 1815ٹن سامان فلسطین بھیجا جا چکا ہے ، این ڈی ایم اے

جمعہ 8 اگست 2025 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر غزہ کے لیے امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ جمعہ کو روانہ کر دی گئی ۔این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق غزہ کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کے سلسلے میں مزید200ٹن امدادی سامان دو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا گیاہے ۔اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 18ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پرواز جمعہ کو روانہ کی گئی جبکہ قبل ازیں 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17 ویں کھیپ 7 اگست کو روانہ کی گئی تھی ۔

جمعہ کو روانہ کی گئی100ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ میں راشن بیگز، تیار کھانا اور ادویات وغیرہ روانہ کی گئی ہیں ۔واضح رہےکہ اب تک فلسطین کیلئے بھیجی گئی 18امدادی کھیپوں کے ذریعے مجموعی طور پر 1815 ٹن سامان روانہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں فلسطینی سفیر سمیت اعلیٰ حکام اوراین ڈی ایم اے کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرنے امدادی سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا اوران سے اظہار تشکر بھی کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔