Live Updates

پی ایس-112 دوبارہ گنتی کیس، سربلند خان کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

ایک سازش کے تحت میری سیٹ چھینی گئی، عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دوں گا ، سربلند خان کی گفتگو

جمعہ 8 اگست 2025 17:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی پی ایس-112 کراچی، سربلند خان کی دوبارہ گنتی میں شکست قرار دینے کے معاملے پر ان کی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ سربلند خان اپنے وکیل بیریسٹر تیمور اسلم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے ایڈووکیٹ رضا ربانی پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران رضا ربانی کی جانب سے کیس کو دوبارہ الیکشن ٹریبونل یا آئینی بنچ کو بھیجنے کی استدعا عدالت نے مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ کے بینچ نے کیس کو دو ہفتے بعد دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربلند خان نے کہا کہ یہ نشست عمران خان اور بلدیہ ٹائون کی عوام کی تھی اور ہمیشہ رہے گی، میں آخری دم تک اس کے لیے لڑوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انتخابات جیتنے کے بعد کئی ماہ تک اسمبلی میں موجود رہا، لیکن مجھے متعدد بار پارٹی چھوڑنے اور بھاری رقوم کی پیشکش کی گئی۔ میرے انکار پر جعلسازی کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کروا دی گئی۔سربلند خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت میری سیٹ چھینی گئی ہے، لیکن سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے اور عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فسطائی حکومت اور جانبدار الیکشن کمیشن نے آئین کا جنازہ نکال دیا ہے، پی ٹی آئی رہنماں کو نااہل قرار دینے اور دوبارہ گنتی میں ہروا دینے کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہم خان کے سپاہی ہیں اور ان کے نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات