جولائی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر وطن بھیجے

جمعہ 8 اگست 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)جولائی کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ارسال کردہ ترسیلات زر 7.4 فیصد اضافے سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 20 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 7.4 فیصد کا قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن سے وابستگی اور مالی تعاون کا مظہر ہے۔

ترسیلات زر میں سعودی عرب سے 82 کروڑ 37 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 66 کروڑ 52 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 45 کروڑ 4 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 26 کروڑ 96 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔اسٹیٹ بینک ترسیلات زر میں اس مسلسل اضافے کو کارکنوں کے اعتماد اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات کا نتیجہ قرار دیتا ہے جو قانونی ذرائع سے ترسیلات کی حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔