غزہ پر مکمل فوجی قبضے کی مبینہ اسرائیلی منصوبہ بندی پر پاکستان کی شدید مذمت

جمعہ 8 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان غزہ پر مکمل فوجی قبضے کی مبینہ اسرائیلی منصوبہ بندی کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی ایک اور صریح خلاف ورزی ہے، بلکہ یہ مقبوضہ فوج کی جانب سے اپنی جاری نسل کشی کی فوجی مہم کو مزید تقویت دینے کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ انتہائی تشدد آمیز اقدام موجودہ سنگین انسانی بحران اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شہریوں کی تکلیف میں مزید اضافہ کرے گا، نیز خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اسرائیل کی فوجی مہم کو فوری طور پر روکنے، غزہ میں انسانی بحران پر قابو پانے اور بلا روک ٹوک انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور اسرائیل کو اس کے گھنائونے جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔