چاہتے ہیں زائرین کے مسائل جلد از جلد حل ہوجائیں،گورنر سندھ

ہفتہ 9 اگست 2025 13:41

چاہتے ہیں زائرین کے مسائل جلد از جلد حل ہوجائیں،گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ چاہتے ہیں زائرین کے مسائل جلداز جلد حل ہوجائیں،زائرین کیلئے راستہ سیکیورٹی وجوہات پر عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا ہے زائرین کو محفوظ طریقے سے ایران بھجوایا جائے، ہوائی سفر کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سکیورٹی مسائل حل ہوتے ہی زمینی راستے بحال ہو جائیں گے، زائرین کے ویزا مسائل اور دیگر مطالبات پر بھی کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کیلئے مستقل بنیادوں پر راستہ بند کرنیکی کوئی بات نہیں ہوئی، میری درخواست پر مارچ کو موخر کیا جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ کمیٹی بنائی گئی ہے جو ایئر ٹکٹس اور دیگر معاملات پر کام کر رہی ہے، آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں کمیٹی کے نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اورنگی ٹائون میں معرکہ حق جشن آزادی تقریب سے خطاب میں کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے درندے رعایت کے مستحق نہیں، ژوب میں 33 دہشتگرد ہلاک کرنے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین ییش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے، جب کمانا ہو، ووٹ چاہیے ہو تو مائی کراچی، لیکن جب اسکول، کالج، پانی چاہیے ہو تو کہا جاتا ہے وائی کراچی، ہم نے عزم کیا ہے اس شہر کو انصاف دلائیں گے۔