بلوچستان،سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں کلیئرنس آپریشن، مزید 14 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج اور دیگر ادارے پاک سرزمین کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے محفوظ رکھنے کیلئے پر عزم ہیں، آئی ایس پی آر

ہفتہ 9 اگست 2025 14:56

بلوچستان،سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں کلیئرنس آپریشن، مزید 14 دہشتگرد ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کی تحصیل سمبازہ میں آپریشن کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج کو ٹریس کر کے کامیابی سے ہلاک کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب فتنہ الخوارج کے 33 دہشتگرد ہلاک کردیے تھے، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک خوارج کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 8 اور 9 اگست کی شب پاک افغان سرحد کے قریب سمبازہ میں دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد کلیئرنس آپریشن کیا گیا، اس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج ٹریس کر کے ہلاک کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کلیئرنس آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، 2 روزہ آپریشن میں ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی۔پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے پاک سرزمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے محفوظ رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔