گورنر سندھ کی معرکہ حق، جشنِ آزادی‘ موٹر سائیکل ریلی میں شرکت

جشنِ آزادی 14 دن منانے کا وعدہ پورا ہورہا ہے، ہم فاتح قوم ہیں، جشن ایسا منائیں گے دشمن یاد رکھے،کامران ٹیسوری

ہفتہ 9 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ’معرکہ حق، جشنِ آزادی‘ موٹر سائیکل ریلی میں خود بائیک چلا کر شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد قافلوں کی صورت میں ریلی میں شامل تھی، جس نے ریلی کے جوش و خروش کو دوبالا کردیا۔ریلی گورنر سندھ کی قیادت میں کھجور چوک سے شروع ہو کر کمشنر آفس، پرل کانٹینینٹل ہوٹل اورمیٹروپول سے گزرتے ہوئے واپس گورنر ہاؤس پہنچی۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے پرچم کشائی کی اور جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ ریلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی 14 دن منانے کا وعدہ پورا ہورہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم فاتح قوم ہیں، جشن ایسا منائیں گے کہ دشمن یاد رکھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہاکہ معرکہ حق جشن آزادی کی تقریب کو بھرپور اور جوش و جذبہ سے منانے کے لئے 11 اگست کے لئے گورنر ہاؤس میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کی جانب سے نمبر پلیٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو مفت نمبر پلیٹ فراہم کرے، انہوں نے مزید کہا کہ اجرک سندھ کی ثقافت ہے، اس کا احترام سب پر فرض ہے، گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہم ملک بنانے والوں کی اولاد ہیں، اور ہم ہی اس کی حفاظت اور ترقی کریں گے۔