Live Updates

اقبال سنگھیڑا خواجہ آصف کا فرنٹ مین ہے، عثمان ڈار کی الیکشن کے دوران کی گفتگو ایک بار پھر وائرل

اس نے عمر ڈار اور ریحانہ ڈار کے نام ایسی زمین نکالی جو ان کے فرشتوں کو بھی علم نہیں تھا، الیکشن کے دوران ریحانہ ڈار نے اینٹی کرپشن کو درخواست بھی دی؛ سابق پی ٹی آئی رہنماء کی اس وقت کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 13:59

اقبال سنگھیڑا خواجہ آصف کا فرنٹ مین ہے، عثمان ڈار کی الیکشن کے دوران ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء عثمان ڈار کی الیکشن کے دوران کی گفتگو ایک بار پھر وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آر او اقبال سنگھیڑا خواجہ آصف کا فرنٹ مین ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف اور اقبال سنگھیڑا کا گٹھ جوڑ سیالکوٹ میں عوامی مینڈیٹ چوری کی بدترین مثال ہے، الیکشن کے دوران ریحانہ ڈار نے بھی اینٹی کرپشن کو باقاعدہ درخواست دی کہ اقبال سنگھیڑا نے میرے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے لیے میرے نام پر جعلی زمین نکال کر کیس بنایا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ یہ سب خواجہ آصف کے ساتھ مل کر الیکشن لوٹنے کی منصوبہ بندی کا حصہ تھا، جب عدالت نےریحانہ ڈار کے کاغذات منظور کیے اور سیالکوٹ کے عوام نے بھاری اکثریت سے عمران خان کو کامیاب کروایا تو یہی سنگھیڑا جعلی فارم 47 تیار کرنے میں لگ گیا، یہ فارم 47 الیکشن نتائج کے 48 گھنٹے بعد جاری کیا گیا جس کا مقصد عوامی فیصلے کو بدلنا اور دھاندلی کو تحفظ دینا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کی مبینہ کرپشن سے متعلق انکشافات سامنے آئے ہیں جنہوں نے گرفتاری کے بعد کروڑوں روپے کی جائیداد کا اعتراف کرلیا، اس حوالے سے پولیس اور اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں، قیمتی اشیاء اور نقدی سامنے آئی، جس کے بعد محمد اقبال نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ قیمتی لینڈ کروزر گاڑی، متعدد کمرشل پلاٹس اور دیگر قیمتی جائیداد کا مالک ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ ملزم سے اب تک لینڈ کروزر، رولیکس گھڑی، پانچ مرلہ کے دو کمرشل پلاٹس کی فائلیں اور ایک بنگلے کے کرائے کی مد میں وصول شدہ 68 لاکھ 25 ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں تاہم ملزم محمد اقبال سے تاحال 4 کروڑ 91 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم کی برآمدگی ہونا باقی ہے، جس کے لیے پولیس نے لاہور کی عدالت سے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا، عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کی ہے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبر آئی تھی کہ سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ( اے ڈی سی آر ) کی گرفتاری کے معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے، خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سیالکوٹ کے اے ڈی سی آر کی اینٹی کرپشن کی طرف سے گرفتاری کا تنازعہ بڑھ چکا ہے جس کے بعد خواجہ آصف نے وزیر اعظم کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا، خواجہ آصف نے مشیر برائے وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ کو بھیجے گئے استعفیٰ میں کہا کہ یا اے ڈی سی آر کو رہا کروائیں یا استعفیٰ منظور کرلیں۔

تاہم مسلم لیگ ن کے رہنماء اور پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزارت سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خبر دینے والے نے صرف اپنی خواہشات بیان کی ہیں حقیقت نہیں، میں نے وزارت سے استعفیٰ نہیں دیا، اگر بکواس کرنے کا کوئی پرائم ٹائم سلاٹ ہوتا تو یوتھیاز اس کی شہ سرخی ہوتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات