25 اگست کے بعد وہی ڈمپر چلے گا، جس میں ٹریکر اور کیمرے لگے ہوں گے، شرجیل میمن

شرجیل میمن کی ایم کیو ایم پاکستان کا نام لیے بغیر تنقید ، اپوزیشن کا تقریر کے دوران شور شرابہ

پیر 11 اگست 2025 17:43

25 اگست کے بعد وہی ڈمپر چلے گا، جس میں ٹریکر اور کیمرے لگے ہوں گے، شرجیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خبردار کیا ہے کہ 25 اگست کے بعد صرف وہی ڈمپر سڑک پر چلتا نظر آئیگا، جس میں ٹریکر اور کیمرے لگے ہوں گے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا نام لیے بغیر تنقید کی اور کہا کہ حکومت اپنا کام کررہی ہے، کوئی بدمعاشی کرے گا، تو اسے اسی طرح جواب بھی دیا جائے گا، اس بیان پر اپوزیشن جماعت کے ارکان نے شور شرابہ کیا، اور نعرے لگائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر ہونے والا ٹریفک حادثہ افسوس ناک ہے، پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا، کچھ دہشت گرد سوچ کے لوگ سڑکوں پر آکر 7 ڈمپرز کو آگ لگا دیتے ہیں، کیا ان کو گرفتار نہیں کرنا چاہیی ، ان پر دہشت گردی کی دفعات لگائیں گے، ہم کسی سے نہیں ڈریں گے۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم اس شہر میں دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے ، چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے، جن کے پیارے اس افسوسناک حادثات میں چلے گئے کیا وہ ڈمپر جلا رہے ہیں ، بدمعاشوں کے ساتھ بدمعاشوں کی طرح نمٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈمپر مالکان نے سڑکیں بند کیں تو ان سے بات کی اور سڑکیں کھلوائیں، ہم نے انہیں بھی پابند کیا کہ 25 تاریخ کے بعد سڑکوں پر وہی ڈمپر آئیں گے جن میں ٹریکر لگے ہوں گے،شرجیل میمن نے کہا کہ ایک ڈرائیور کو اتنا مارا گیا ہے کہ وہ کومہ میں چلا گیا ہے، جان بوجھ کر اس شہر میں فساد پھیلایا جا رہا ہے، ایم کیو ایم نے ا?ج بھی اس معاملے پر سیاست کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سب سے زیادہ اقلیتی بہنیں ہیں، اقلیتوں کے حقوق پر قرارداد کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی ہے، ایم کیو ایم کے ارکان نفرت پھیلا رہے ہیں۔