سندھ حکومت کی جانب سے "معرکہ حق" 78ویں جشنِ آزادی کی خوشیاں منانے کے لیے سکھر میں گرینڈ میوزیکل کانسرٹ کا انعقاد

پیر 11 اگست 2025 22:42

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)سندھ حکومت کی جانب سے "معرکہ حق" 78ویں جشنِ آزادی کی خوشیاں منانے کے لیے جناح میونسپل اسٹیڈیم، سکھر میں گرینڈ میوزیکل کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ ،صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ ،میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ ،چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ سمیت سیاسی، سماجی و ثقافتی شخصیات کے علاوہ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،کانسرٹ میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان، عاصم اظہر، بلال سعید، حاوی، ینگ اسٹنرز اور شائنہ علی نے شاندار پرفارمنس سے سکھر کی عوام کے دل جیت لیے۔

کانسرٹ میں پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے، اسٹیڈیم میں "پاکستان زندہ باد" کی صدائیں گونجتی رہیں جبکہ شرکا نے ہاتھوں میں اٹھائے قومی پرچم لہراتے ہوئے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا جس نے سکھر شہر کے ماحول کو ملی جوش و جذبے سے بھردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر آر ٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکھر کے شہریوں کا جوش و ولولہ قابلِ دید ہے اور یہ شہر ثقافتی سرگرمیوں میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا ہے، سندھ حکومت کی کاوشوں سے یہ میگا کانسرٹ منعقد کیا گیا جوکہ حیدرآباد میں بھی ہوا اور 13 اگست 2025 کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی ہونے جارہا ہے ، پاک فوج نے اپنے سے سو گناہ بڑے دشمن کو شکست دے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میں آپ سب کو اس کانسرٹ میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہم اپنے ملک اور قوم سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، سکھر کی عوام بہت مہذب ہے، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاک فوج نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، سکھر کے نوجوانوں کا جذبہ دیکھنے کے قابل یے، یہ نوجوان ہی پاکستان کا نام روشن کریں گے، آج ہم معرکہ حق 78 جشن آزادی کا تاریخی جشن منارہے ہیں، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر کی عوام امن، محبت اور خوشی کے پیغام کی سفیر ہے، یہ سکھر کی آواز ہے، کانسرٹ کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان رنگ برنگی قمقموں سے جگمگا اٹھا۔