یوم ۱ٓزادی پر شہریوں کے تحفظ، ون ویلنگ اور قانون شکنی کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں

منگل 12 اگست 2025 13:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) یوم ۱ٓزادی پاکستان کے موقع پر شہریوں کے تحفظ، ون ویلنگ اور قانون شکنی کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس وارڈنز کی اہم شاہراہوں پر ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں جبکہ والدین کوبھی بچوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ حادثات یا دیگر نا خوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔چیف ٹریفک آفیسر فیصل آبادناصر جاویدرانا نے اے پی پی کو بتایا کہ ٹریفک پولیس کی 250 سی سی کی ہیوی بائیکس کے خصوصی سکواڈز بنائے گئے ہیں کل بدھ کی رات سے لے کر 14 اگست کی رات گئے تک شہر کی مصروف و اہم شاہراہوں کینال روڈ کے دونوں اطراف، کینال ایکسپریس وے، جڑانوالہ روڈ، سوساں روڈ، ڈی گراؤنڈ، ستیانہ روڈ ستیانہ روڈ، سمندری روڈ، دونوں انڈر پاسز کے داخلی خارجی راستوں، مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، نڑوالا روڈ، سرگودھا روڈ، جھنگ روڈ، سمن آباد اور رسالہ روڈ پر خصوصی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ون ویلنگ کرنے والوں کو پکڑ کر ان کی گاڑیاں ضبط کرکے ان کو حوالات بند کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ون ویلرز کو موٹرسائیکلیں تیار کرکے دینے والے کاریگروں کی پکڑ دھکڑ بھی کی جائے گی اور ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے اسی طرح بفل نکالنے، سائیلنسر اتروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر عارضی سپیڈ بریکر لگاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کنٹرول کیا جائے گا جبکہ18سال سے کم عمر ڈرائیونگ پر ڈرائیور کی موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشے کو 3 دن کیلئے بند کردیا جائے گا۔