پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی

انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے‘ بھارت آئندہ دو دن کے اندردریا میں پانی چھوڑ سکتا ہے.ترجمان کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 اگست 2025 14:09

پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست ۔2025 )پنجاب میں آفات سے نمٹنے کے ادارے ”پی ڈی ایم اے“ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت آئندہ دو دن میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑ سکتا ہے جس سے صوبے میں بعض مقامات پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے ملک میں 26 جون سے مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ملک کے تمام چھوٹے بڑے ڈیموں میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی اور دریاﺅں میں بھی پانی نے بہاﺅ میں اضافہ ہوا.

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انڈیا کی جانب سے آئندہ دو روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے بھاکڑا ڈیم 61، پونگ ڈیم 76 اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں. پی ڈی ایم اے کی طرف سے کہا کہ دریائے ستلج کے بہاﺅ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور قادر آباد کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے پنجاب سمیت ملک دیگر علاقوں میں بدھ کو مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے پنجاب کے دریاﺅں میں طغیانی کا خدشہ ہے.

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں متعلقہ محکمے 24 گھنٹے دریاﺅں و ڈیمز کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں اور صوبے کی کمشنرز ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ دریاﺅں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ہنگامی انخلاءکی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ دریاﺅں نہروں ندی نالوں اور تالابوں میں ہر گز مت نہائیں اور سیلابی صورت حال میں دریاﺅں کے اطراف پکنک اور غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں.

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ”این ڈی ایم اے“ کے اعداد و شمار کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 26 جون سے اب تک ملک میں 142 بچوں سمیت کم از کم 305 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 700 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے دو بڑے ڈیموں میں پانی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تربیلا ڈیم میں 96 فیصد جبکہ منگل ڈیم 64 فیصد بھر چکا ہے.