مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسزکشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،رپورٹ

منگل 12 اگست 2025 21:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکار کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجی کشمیری نوجوانوں کو سیاسی ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سمیت اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے پر جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کوبھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز، پولیس اور این آئی اے اوراین آئی اے جیسے تحقیقاتی اداروں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران قتل، تشدد اور غیر قانونی نظربندی کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت کی طرف سے5اگست 2019 کودفعہ370کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں کہاگیا کہ صرف رواں سال اب تک67کشمیری نوجوانوں کوشہید اور کم از کم 3,977کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1989سے اب تک مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 96ہزار461کشمیریوں شہید کیاجن میں زیادہ تر نوجوان تھے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ حریت رہنمائوں، علمائے دین، خواتین، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت 3000سے زائد کشمیری پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کے تحت سالہاسال سے جیلوں میں نظربند ہیں۔

یہ لوگ مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند ہیں جن میں سے زیادہ تر بغیر کسی قانونی کارروائی یا منصفانہ ٹرائل کے بند ہیں۔کے ایم ایس کی رپورٹ میں واضح کیاگیا کہ بی جے پی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت، ظلم وجبر یاجابرانہ پالیسیوں سے کشمیری عوام کی جائز سیاسی امنگوں اور جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔

رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو قتل توکر سکتا ہے لیکن وہ ان کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو شکست نہیں دے سکتا۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریکوں کو بزورطاقت یا ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کچلا نہیں جا سکتا۔ رپورٹ میں عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ناانصافیوں اور قتل و غارت کو روکنے کے لیے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری پوری کرے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیر ی عوام انصاف اور مکمل آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔