بھارت کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا زبردست حامی

بدھ 13 اگست 2025 16:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے، جو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں ، مگر بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کی وجہ سے کشمیری عوام اب تک اس حق سے محروم ہیں۔

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ایک عظیم جدوجہد کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک لاکھوں جانیں قربان کی ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد خالصتاً ان کی اپنی ہے اوریہ کسی بیرونی دبائو کا نتیجہ ہرگز نہیں ہے ۔ بھارت کشمیریوں سے انکی شناخت، تہذیب وتمدن چھیننے کے در پے ہے ، وہ انکی منصفانہ تحریک کو دبانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے ،بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہیں ، قابض فورسز کے ہاتھوں علاقے میں جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، غیر قانونی گرفتاریاں اور بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن روز کا معمول ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم بھارت اپنے تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ہے اور وہ اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ مودی حکومت کی طرف سے اگست 2019میں 370اور 35اے دفعات کی منسوخی اور علاقے کی خصوصی حیثیت چھیننے کے غیر قانونی اقدام نے مقبوضہ علاقے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے اور بھارت سے کشمیریوں کی نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارت علاقے میں حالات معمول پر لانے کے اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ بی جے پی حکومت فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے کشمیریوں کی جائز جدوجہد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد رواں برس مئی میں ہونے والی لڑائی میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں جو عبرتناک شکست ہوئی ہے اس نے مودی حکومت کو سخت بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے ، آپریشن سندور کی ناکامی جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے مودی حکومت کی ساکھ بری طرح متاثر کر دی ہے ، اسے کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے ۔

مودی حکومت اب اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے اور اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے مقبوضہ علاقے میں جھوٹے فوجی آپریشن کررہی ہے۔ مقبوضہ وادی کشمیر میں ضلع کولگام کا حالیہ آپریشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ یہ آپریشن کم از کم تیرہ روز جاری رہا ، بھارت واویلا کرتا ہے کہ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں ۔ آپریشن میں بھارتی فوجی ، ایلیٹ کمانڈوز اور پیرا ملٹری و پولیس اہلکار حصہ لیتے رہے ۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز اہلکار وں کو دن رات بھوکے پیاسے اس جھوٹے آپریشن میں متحرک رکھا گیا، وہ اس دوران مٹی سے اپنا پیٹ بھرنے پر مجبور ہوئے۔ تاہم گزشتہ روز اس آپریشن کا اختتام یہ کہہ کر کیا گیا کہ عسکریت پسند علاقے سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مودی حکومت نے محض اپنی ساکھ کی بحالی اور وقتی فائدے کیلئے تیرہ روز تک فورسز کو ایک جھوٹے آپریشن میں مصرف رکھا ۔

بھارت کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت دینے کے بجائے فوجی طاقت کے بل پر زیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، اس نے اپنی فورسز کو ایک ہاری ہوئی جنگ میں جھونک رکھا ہے ۔ اسکے برعکس پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ایک بڑا حامی اور وکیل ہے ، وہ چاہتا ہے کہ انہیں یہ حق ملے تاکہ خطے میں دیرپا امن و ترقی کا راستہ ہموار ہوسکے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادی بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا ناقاقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔