پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر گرینڈ محفل موسیقی "میرا پاکستان" کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 17:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں، پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات و ثقافت محترمہ عظمیٰ زاہد بخاری کی خصوصی ہدایات پر ایک شاندار محفل موسیقی بعنوان "میرا پاکستان" کا انعقاد ہوا۔ جس میں ملک کے مایہ ناز اورنامور فنکاروں جن میں ڈاکٹر مبشرہ حفیظ، رمیز اسحاق، دانیال راجہ، مریم خان، ساجیل، رابعہ داؤد اور مشہور کشمیری قوال گروپ شامل تھے نے بھرپور اور خوبصورت پر فارمنس کا مظاہرہ کیا کیا۔

جسے حاضرین کی کثیر تعداد نے خوب سراہا۔تقریب میں شہریوں، فنکاروں اور ثقافتی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی طرف سے پاکستان کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس محفل موسیقی میں نہ صرف آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا بلکہ پاکستان کے اتحاد اور تنوع کی علامت کو بھی اجاگر کیا ۔

تقریب میں خاص طور پر پاک فوج کے آپریشن "بنیان المرصوص" کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔محترمہ شازیہ رضوان، پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب، اس محفل کی مہمان خصوصی تھیں۔ انہوں نے گلوکاروں کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کی خدمات و قربانیوں پر نغمات پیش کیے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد شکور نے اس موقع پر بتایا کہ یومِ آزادی کی تقریبات 14 اگست تک پورے جوش و خروش سے جاری رہیں گی، جن میں تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر پر مشتمل تصویری نمائش، پرچم کشائی، اسکول کے طلبہ کے ٹیبلو، تقریری مقابلے، ملی نغموں کے مقابلے اور گرینڈ محفل موسیقی شامل ہیں۔

آرٹس کونسل کی عمارت پر چراغاں بھی 14 اگست تک جاری رہے گی۔