یومِ آزادی اور معرکہ حق کی حالیہ تاریخی کامیابی کے تسلسل میں آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں تقریب کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 22:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)یومِ آزادی اور معرکہ حق کی حالیہ تاریخی کامیابی کے تسلسل میں آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں ایک شاندار اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا جو سکھر کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی۔ اس موقع پر 3080 سے زائد اسکول کے طلباء و طالبات نے سبز ہلالی پرچم کی شکل میں "ہیومن فلیگ" تشکیل دے کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جو حب الوطنی، اتحاد اور یکجہتی کا شاندار مظہر تھا۔

یہ تقریب نہ صرف جشنِ آزادی کی خوشیوں کا حصہ تھی بلکہ اس نے حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بھی شرف حاصل کیا۔ فضا "پاکستان زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ بچے جنہوں نے سبز و سفید لباس زیبِ تن کیا تھا، کئی روز کی محنت کے بعد اس عظیم ہیومن فلیگ کی تکمیل کر کے حب الوطنی کا ایک لازوال منظر پیش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر ڈویڑن عابد قریشی، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر علی رضا انصاری، معزز افسران، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ معزز مہمانان نے طلبہ کے عزم، ڈسپلن اور محنت کو سراہا اور اس موقع کو سکھر کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔

۔ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے جذباتی اور حب الوطنی سے بھرپور خطاب میں کہا یہ منظر ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اٴْس عزمِ مصمم کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا اور شہیدِ جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی اٴْس جرات مند جدوجہد کا عکس ہے جس نے پاکستان کے دفاع اور عوامی حقوق کے لیے تاریخ رقم کی۔

آج یہ بچے، یہی ہماری اصل طاقت اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے عظیم فیلڈ مارشل اور بہادر افواجِ پاکستان کو جنہوں نے حالیہ معرکہ حق میں دشمن بھارت کو شکستِ فاش دے کر نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔ جنرل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور پاک فوج کے جانباز سپاہیوں کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، ہم جلد 25,000 طلبہ کا ہیومن فلیگ بنا کر ایک اور ریکارڈ قائم کریں گے اور اس دن کا انتظار ہے جب کشمیر کی آزادی کی خوشخبری پورے پاکستان میں جشن کی لہر دوڑا دے گی۔

اس موقع پر شرکائ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور قومی یکجہتی، پاکستان کی سالمیت اور آزادی کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا عہد کیا۔ تقریب میں بچوں کے ملی نغموں، حب الوطنی پر مبنی تقاریر اور نعرہ بازی نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔ یہ تقریب اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل تھی کہ سکھر کی تاریخ میں پہلی بار اس سطح اور تعداد کا ہیومن فلیگ بنایا گیا۔ قبل ازیں ملک کے دیگر شہروں میں اس نوعیت کی تقریبات تو ہوئیں، لیکن سکھر میں 3080 سے زائد بچوں کا ایک ساتھ قومی پرچم کی شکل میں کھڑا ہونا ایک یادگار اور منفرد کارنامہ ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال بن گیا ہے۔