پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کی اجتماعی قومی امنگوں اور آرزؤں کا مظہر ہے، چوہدری انوارالحق

بدھ 13 اگست 2025 22:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ (کل) پوری پاکستانی و کشمیری قوم 78 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ کل کے دن بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بے لوث قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی، جشن آزادی پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمارا یوم آزادی اس لحاظ سے منفرد ہے کہ ہماری مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے جرآت،بہادری اور استقامت کی داستان رقم کی اور بھارت کو عبرتناک شکست فاش سے دوچار کیا۔

پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کی اجتماعی قومی امنگوں اور آرزؤں کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14اگست1947 ایک تاریخ ساز دن تھا جب علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہوئی۔ یوم آزادی ہمارے اسلاف کی اس جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جب انہوں نے اپنے جان و مال اس وطن کی آزادی پر نثار کیے اور اپنے خون سے ہمارے لیے اس ملک کی بقا کی جنگ لڑی۔

پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر جب پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا اور اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے قومی تشخص اور اسلام کی تہذیبی اور ثقافتی اقدار اور روایات پر بھی خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا۔

انہیں اپنے مقصد کی صداقت اور مسلمان عوام کی اجتماعی فہم و فراست پر غیر متزلزل یقین و اعتماد تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں ہندوؤں اور انگریزوں کی شدید ترین مخالفت کے باوجود صرف اور صرف آئینی جدوجہد کے ذریعے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوا م کو جبر کے زور پر دبانا چاہتا ہے مگر یہ دن ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کے عزم و حوصلہ کو جلا بخشتا ہے اور امید دیتا ہے کہ جدوجہد آزادی میں انکی جانب سے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان،پاکستانی عوام اور پاک فوج جس عزم کے ساتھ کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزاد ہو گا اور پوری ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا۔