آج سب مل کر عزم کریں ‘ وطن عزیز کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر عظیم سے عظیم تر بنائیں گے ، منعم ظفرخان
بدھ 13 اگست 2025
22:39
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ضروری ہے کہ ہم سب مل کر عزم کریں کہ کلمہ طیبہ کی بنیادپر حاصل کیے گئے وطن عزیز کو اس کے مقصد وجود کے مطابق عظیم سے عظیم تر بنائیں گے ،اہل کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے متحد ہوکر جدوجہد اور مزاحمت تیز کریں گے اور حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ عوام کو حق اور انصاف دیں تاکہ ہم حقیقی آزادی کی منزل پاسکیں ، تحریک پاکستان کی جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو یکجا اور متحد کیا ،آج بھی کلمے کی بنیاد پر متحد ہوکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ،لسانیت یا قوم پرستی سے ملک و قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوسکتا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم آباد ٹائون کے تحت ناظم آباد نمبر1 یوسی4میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان پارک اور اس سے متصل پیور بلاک اسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، منعم ظفر خان نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا ،پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا بھی بنایا گیا ہے ، علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔
(جاری ہے)
منعم ظفر خان نے ناظم آباد ٹائون چیئر مین اور پوری ٹیم کو عوامی خدمت کرنے پر مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات ووسائل کی کمی کے باوجود صرف دو سال میں اپنے 9ٹائونز میں 172پارکوں کو بحال اور آباد کیا ، ناظم آباد ٹائون کی جانب سے یہ پارک یوم آزادی کا تحفہ ہے ، ناظم آباد ٹائون میں 42پارک ازسر نو بحال کرکے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں اور ماہ اگست میں 7مزید پارکوں کا افتتاح کیا جائے گا ، ہم نے اپنے ٹائونز میں 45سرکاری اسکولوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے بعد ان کی حالت بہتر کی جس کے بعد ان اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں نمایاں اضافہ ہواہے ، کسی بھی قوم کی تعمیر وترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، جماعت اسلامی نے تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے اور حکومت و اقتدار نہ ہونے کے باوجود ہم نے الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کا پورے شہر میں جال بچھادیا ہے اور اب تک 50ہزار لڑکے لڑکیاں مفت آئی ٹی کورسز کرکے اپنا روزگار حاصل کرچکے ہیں ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ ریاست اور حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کرے ، بدقسمتی سے ملک میں حکمران چہرے بدل بدل کر آتے رہے لیکن عوام کی حالت آج تک نہیں بدلی ،کراچی پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے ، صوبہ سندھ کے بجٹ کا 95فیصد حصہ فراہم کرتاہے ، وفاق کو اس سال 3256ارب روپے کا ٹیکس دیا لیکن اس کے باوجود کراچی مسائل کی آماجگاہ بناہوا ہے ،آدھا شہر پانی سے محروم ہے ،بجلی ، سڑکوں کی خستہ حالی ،ٹرانسپورٹ ، صفائی ستھرائی ،صحت وتعلیم کے مسائل اور اہل کراچی کے دکھ درد دور ہونے کا نام نہیں لے رہے ،پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں اور وسائل پر قابض ہے ، ایم کیوایم بھی طویل عرصہ اقتدار میں شریک رہ چکی ہے اور آج بھی وفاق کا حصہ ہے ، نواز لیگ کو کراچی سے کبھی سروکار نہیں رہا ، تمام حکمران پارٹیوں اور حکومتوں نے کراچی کو صرف کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ سمجھ لیا ہے، اس پورے ٹولے سے نجات حاصل کیے بغیر عوام کی حالت اور قسمت نہیں بدل سکتی ۔
تقریب سے امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن ، ٹائون چیئر مین سید محمد مظفر ، سیکریٹری ضلع سہیل زیدی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، وائس ٹائون چیئرمین نعمان صدیقی ، ٹائون میونسپل کمشنر اطہر سعید ، ڈائریکٹر ایڈمن ظفر،شعبہ باغات کے آصف ، یوسی چیئرمین وکونسلرز سمیت علاقہ مکینوں اور خواتین وبچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے ۔
منعم ظفر خان کی پارک آمد پر بچوں نے ان پر گل پاشی کی اور انہوں نے فیتہ کاٹ کر پارک کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ قبل ازیں منعم ظفر خان نے حیدری مارکیٹ میں پرچم کشائی کی اور شرکاء سے خطاب کیا ،اس موقع پر سید وجیہ حسن اور حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی ، علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ،ٹائون چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب کے ہمراہ لیاقت آباد ڈاکخانہ تا سندھی ہوٹل آخری اسٹاپ تک تعمیر کی گئی الطاف علی بریلوی روڈ اور ڈاکٹر پرویز محمود شہید گرین بیلٹ کا بھی افتتاح کیا ، ڈاکخانہ چورنگی پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیاگیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،لیاقت آباد کے مکینوں نے طویل عرصے بعد سڑک کی تعمیر اور گرین بیلٹ بنانے پر جماعت اسلامی سے بھرپور اظہار تشکر کیا ، منعم ظفر خان نے لیاقت آباد کی پوری ٹیم کو بہترین ٹیم ورک اور عوامی خدمت پر زبردست خراج تحسین پیش کیااور اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت اور تعمیر وترقی کا یہ سفر جاری رہے گا ، اس موقع پر یوم آزادی کے حوالے سے آزادی فیسٹول کا بھی انعقاد کیا گیا ،جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،فیسٹول رات گئے تک جاری رہا ۔