یومِ آزادی’’معرکہ حق‘‘کے سلسلے میں خصوصی آزادی ٹرین کراچی سے تھرپارکر کیلئے روانہ

بدھ 13 اگست 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کی جانب سے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے سلسلے میں خصوصی آزادی ٹرین کراچی سے تھرپارکر کیلئے روانہ کرنے کی تقریب کراچی کینٹ اسٹیشن پر منعقد ہوئی، جس کا افتتاح سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ٹرین کو قومی پرچموں اور تحریکِ آزادی کے بینرز سے سجایا گیا تھا جبکہ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر 78پانڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ آزادی ٹرین میں سو سے زائد مسافرسوار ہوئے ،جن میں شوبز شخصیات، سیاسی و سماجی رہنما اور میڈیا سے وابستہ افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرین پہلے روز کراچی کینٹ سے حیدرآباد، میرپورخاص اور چھور تک جائے گی جبکہ اگلے روز زیرو پوائنٹ تھرپارکر پہنچے گی، ہر اسٹیشن پر شرکاء قومی پرچم تقسیم کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیرسید ذوالفقار علی شاہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی آزادی ٹرین چلائی گئی ہے جو دو دن تک مختلف مقامات کا سفر کرے گی۔

اس دوران مسافروں کو صوبے کے اہم سیاحتی مراکز کا دورہ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں پرچی جی ویری کے مقام پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جہاں آزادی کے جشن کو شاندار انداز میں منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت و سیاحت نے جشنِ آزادی کی خوشیاں عوام تک پہنچانے کے لیے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کو اسپیشل آزادی ٹرین کے نام سے شروع کیا ہے، جو کل تھرپارکر سے واپس آئے گی۔

انہوں نے وزیراعلی سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں تمام محکمے جشنِ آزادی کے پروگرامز کا اہتمام کر رہے ہیں، جن میں میوزیکل شوز، ثقافتی تقریبات اور خصوصی پروگرام شامل ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلی بار ایسی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، ہماری مسلح افواج اور قوم نے مل کر بھارت کو معرکہ حق میں عبرتناک شکست دی، اس کے رافیل اور دیگر جنگی جہاز گرائے اور آج بھی بھارت اس صدمے سے نہیں نکل پایا۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا کریڈٹ محکمہ ثقافت اور محکمہ اسپورٹس کو جاتا ہے، جنہوں نے حیدرآباد، سکھر اور کراچی میں شاندار شوز منعقد کیے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے بھی آزادی کی تقریبات رکھی گئی ہیں جبکہ گزشتہ روز مزارِ قائد پر لیزر لائٹ شو کا انعقاد ہواتھا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قائداعظم نے اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کا درس دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہیں اور ہم کبھی جنگ کے خواہشمند نہیں رہے تاہم اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔