مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں ، پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد،15 اگست کو یوم سیاہ منانے کے عزم کا اظہار

جمعرات 14 اگست 2025 12:04

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعیناتی اور نگرانی کے کیمروں کے باوجوددسری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرلگائے گئے ہیں جن پر لکھا ہے” 14اگست: پاکستانی عوام کو 78 ویں یوم آزادی کی مبارکباد“۔

مختلف آزادی پسند جماعتوں کی طرف سے دیواروں، ستونوں،بجلی کے کھمبوں پر چسپاں پوسٹروں میں پاکستان کا پرچم بھی موجود ہے ۔پوسٹروںمیں لکھا ہے پاکستان اللہ تعالی کا ایک قیمتی تحفہ ہے، کشمیری اپنے آپ کو مملکت خدا داد کا حصہ سمجھتے ہیں اور جموں و کشمیر کو بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزاد کرانے اور پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی امنگوں کے خلاف جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے، کشمیر کا تنازعہ برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ،مسئلہ کشمیر کو جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا چیمپئن ہے۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں مزید لکھا ہے کہ بھارت کی جعلی اور ووٹ چوری والی جمہوریت نے کشمیری عوام کے پیدائشی حق خود ارادیت کو طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے،کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج درج کرانے کےلئے جمعے کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔پوسٹرسماجی را بطوں کی سائٹوں فیس بک، وٹس ایپ اورایکس وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔