مملکت خداداد کے 78ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے،صدر آزاد کشمیر

پوری قوم بانیان پاکستان اور خاص طور پر قائد اعظم محمد علی جناح کی احسان مند ہے کہ اُن کی جدوجہد اور عزم کی وجہ سے آج ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی آزاد فضاؤں میں زندگی گزار رہے ہیں،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعرات 14 اگست 2025 14:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مملکت خداداد کے 78ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے کہ جس نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے سرفراز فرمایا۔ پوری قوم بانیان پاکستان اور خاص طور پر قائد اعظم محمد علی جناح کی احسان مند ہے کہ اُن کی جدوجہد اور عزم کی وجہ سے آج ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی آزاد فضاؤں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

آج نہ صرف پاکستان کے لوگ بلکہ دنیا بھر میں مظلوم ومقہوم قومیں اور طبقات اپنے حقوق کے لئے مملکت خداداد پاکستان پر تکیہ کرتے ہیں کیونکہ پاکستان ہی دنیا میں وہ واحد ملک ہے جو ہمیشہ محکوم و مجبور اقوام کی آواز بنا ہے۔

(جاری ہے)

آج کشمیریوں کا واحد سہارا مضبوط و مستحکم پاکستان ہے۔ ہمیں آج بھی یاد ہے کہ جب 5اگست 2019کو مکار ہندوستان نے عالمی قوانین اور تمام اخلاقی ضوابط کو پامال کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیرکے تشخص کو پامال کیاتھا۔

یہ مملکت خداداد پاکستان کا ہی امتیاز تھا کہ کشمیریوں کو ہر طرح کی اخلاقی و سفارتی نہ صرف حمایت کی بلکہ پوری دنیا میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کیا۔ اقوام متحد ہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خوداردیت دینے کا جو وعدہ کیا گیا تھا اسے پورا کروانے کے لیے پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے۔

پھر جس طرح ہماری افواج پاکستان نے رواں سال مئی میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور مملکت خداداد پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ اس سے دنیا بھر میں پاکستانی قوم کا وقار بلند ہوا اور دنیا کی محکوم اقوام کوحوصلہ ملا۔ اسلامیان کشمیر، افواج پاکستان کی اس عظیم فتح کو اپنی فتح سمجھتے ہیں اور مملکت پاکستان کو اپنی منزل۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب میں غیر ملکی سفیروں، سفارتکاروں، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کل بھارت اپنا یوم آزادی منا رہا ہے لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے اندر اقلتیوں پر مظالم کی وجہ سے دنیا کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکا ہے۔

ہماری پاک افواج نے حال ہی میں ہندوستان کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دنیا کو بتایا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زبردست پذیرائی ملی ہے اور ہندوستان کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے اندر مقیم دیگر اقلیتوں کے ساتھ بھی نارواسلوک برقرار رکھے ہوئے جس سے ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی اور بھی عیاں ہوگئی ہے اور یہ بات بھی دنیا پر آشکار ہوئی ہے کہ پاکستان کا نظریہ بالکل صحیح تھا اور قائد اعظم محمد علی جناح کا پاکستان بنانے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر اسی طرح ظلم وستم کر رہا ہے جس طرح وہ سکھوں اور عیسائیوں پر کر رہا ہے۔

میں اقوام متحدہ،او۔آئی۔سی اور دنیا کی دیگر مہذب اقوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں اوراس سلسلے میں ہندوستان پر دباؤ بڑھائیں۔میں اس موقع پراقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہندوستان کو اقوام متحدہ کی قرارداوں پر عملدرآمد کا پابند بنائیں کیونکہ مسئلہ کشمیردو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک سلگھتی چنگاری ہے۔

اگر مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نہ نکالا گیا تو جنوبی ایشیاء سے اٹھنے والی یہ آگ پوری دنیاکو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔آج یہاں میں پوری قوم کو مبارکبار دیتے ہوئے نصیحت کے طور پر کہتا ہوں کہ جہاں ہم فخر و مسرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہیں وہیں ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم مملکت پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ مضبوط و مستحکم پاکستان نہ صرف خطہ میں پائیدار امن کی ضمانت ہے بلکہ کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کی امنگوں کی تعبیر ہے۔

اس لئے ضروری ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور تمام مکاتب فکر کے لوگ پاکستان کو مضبوط کرنے، کشمیریوں کی آواز بننے اورنظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے متحد ہوں تاکہ پاکستان کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔ بعد ازاں اس موقع پر جشن آزادی کی پروقار تقریب ایوان صدر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔آزادجموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پرچم کشائی کی اس موقع پر پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے پڑھے گئے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔پولیس بینڈ نے دھنوں کے ذریعے تقریب کو گرما دیا۔ اس موقع پر صدر ریاست نے غیر ملکی سفیروں اور سفارتکاروں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔