پاک فوج اور سکیورٹی ادارے ملکی سرحدوں کے محافظ ہیں ،انکی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں‘ملک احمد خان

معرکہ حق میں کامیابی کے بعد ہم ایک قابلِ فخر قوم کے طور پر دنیا کے سامنے ہیں،یومِ آزادی پر عوام کا جوش، ولولہ اور جذبہ، معرکہ حق 10 مئی سے جڑا ہوا ہے‘ قائم مقام گورنر پنجاب کا یومِ آزادی پر گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب ،مزارِ اقبال پر حاضری

جمعرات 14 اگست 2025 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)گورنر ہاؤس لاہور میں جشنِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ قائم مقام گورنر پنجاب، ملک محمد احمد خان نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر گورنر ہاؤس لاہور میں قومی پرچم لہرایا۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور فضا ''پاکستان زندہ باد'' کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں اہم سرکاری شخصیات، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے پوری قوم کو یومِ آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملکی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد ہم ایک قابلِ فخر قوم کے طور پر دنیا کے سامنے ہیں۔ اس یومِ آزادی پر عوام کا جوش، ولولہ اور جذبہ، معرکہ حق 10 مئی سے جڑا ہوا ہے۔ پاک فوج نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جنگ کے موقع پر جس طرح ڈی جی آئی ایس پی آر اور ہمارا میڈیا ذمہ دارانہ موقف پیش کرتا رہا، وہ قابلِ تعریف ہے۔

بھارت نے ہمیشہ دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگائے۔ جب بھی ثبوت مانگے گئے، وہ پیش کرنے میں ناکام رہا۔پہلگام کا واقع بھی اسی کی مثال تھا۔جس کا بہانہ بنا کر اس نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا۔ مگر جب 10 مئی کا سورج طلوع ہوا تو فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور بحریہ کے چیف نے جس طرح چند گھنٹوں میں دشمن کو دھول چٹائی، وہ پوری دنیا نے دیکھا۔قائم مقام گورنر نے کہا کہ آج تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے ہم ہر قسم کے اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں گے۔

بعد ازاں، قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے ملک کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔