کلمے کی بنیاد پر متحد ہو کرعوامی جدو جہدکے ذریعے ہی قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل کر سکتے ہیں ، منعم ظفر خان

اہل کراچی جن مشکل حالات سے گز رہے ہیں ان سے نجات بھی عوامی مزاحمت اور جدوجہد ہی ہے ،پرچم کشائی کے موقع پر خطاب

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور جدو جہد کے نتیجے میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ، بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات کے بعد سے ہی ملک میں ظلم اور استحصال کا نظام قائم ہے ، گورے انگریزوں کے جانے کے بعد ملک کالے انگریزوں کے ہاتھوں میں آگیا ، کلمے کی بنیاد پر متحد ہو کرعوامی جدو جہد و مزاحمت کے ذریعے ہی قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل اور ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے ، اہل کراچی جن مشکل حالات اور کسمپرسی سے گز رہے ہیں ان سے نجات کا راستہ بھی عوامی مزاحمت اور جدوجہد ہی ہے ، جماعت اسلامی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 78’’ویں یوم آزادی‘‘ کے موقع پر ادارہ نور حق سے متصل نیو ایم اے جناح روڈ پر پرچم کشائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

منعم ظفر خان نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی ، پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،شرکاء نے قومی ترانہ بھی پڑھا ،نائب امیر کراچی برجیس احمد نے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی ، سلامتی و استحکام اور ملک کو اس کے مقصد وجود سے ہمکنار ہونے کے لیے خصوصی دعا کی،منعم ظفر نے جناح ٹائون کی جانب سے تیارکیے گئے اسلامیہ کالج کے سامنے نصب تاریخی گلوب کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا جسے بڑے ٹرک پر رکھا گیا تھا ۔

اس موقع پر نائب امراء کراچی برجیس احمد ، مسلم پرویز ، راجہ عارف سلطان ، ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی ، یونس بارائی ، چیئر مین جناح ٹائون رضوان عبد السمیع ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔ پرچم کشائی کی تقریب میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے ، جماعت اسلامی کی جانب سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی تقسیم کیے گئے ، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ 1940میں مسلم لیگ کے اجلاس میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں ، ایک قیام پاکستان کی اور دوسری فلسطین پر صہیونی تسلط تسلیم کرنے کے خلاف تھی ، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا اور قیام پاکستان کے بعد پاکستان کا اصولی موقف بھی ہمیشہ یہ ہی رہا ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور فلسطین پر کسی صورت میں بھی اس کا قبضہ قبول نہیں کیا جا سکتا ۔

آج کے حکمرانوں کو فلسطین کے حوالے سے اپنے قومی موقف سے انحراف سے روکنے کے لیے بھی قومی اتحاد و یکجہتی وقت کی ضرورت ہے ، منعم ظفر خان نے کہا کہ تحریک پاکستان کی جدو جہد میں برصغیر کے ہر علاقے کے مسلمانوں نے ایک آزادو خود مختار اور علیحدہ ریاست کے قیام کی جدو جہد کی، کلمہ طیبہ کی بنیاد پر یکجا اور متحدہوئے اور قائد اعظم کی قیادت میں ایک بھر پور جدو جہد کے ذریعے نا ممکن کو ممکن بنایا گیا اور 14اگست 1947کو مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں میں آیا ، آج 78سال ہو گئے ہیں آج کا دن ہمیں اس عظیم جدو جہد اور قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے اور یہ پیغام دیتا ہے کہ جس طرح کلمے کی بنیاد پر ہم نے متحد ہو کر پاکستان حاصل کیا تھا اس طرح متحدہ اور یکجا ہو کر آزادی کی حقیقی منزل حاصل کرسکتے ہیں ۔

دریں اثناء منعم ظفر خان نے ٹائون چیئر مین جناح رضوان عبد السمیع اور سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر و یوسی چیئر مین جنید مکاتی کے ہمراہ یوسی 8میں امیر خسرو ماڈل روڈ کے دوسرے حصے کا افتتاح کیا ، ڈیڑھ کلو میٹر کا یہ حصہ پیور بلاک کے ذریعے تعمیر کیا گیا ہے ، اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں کو سراہا ، منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ٹائون اور یوسی چیئر مینوں کو شاندار روڈ تعمیر کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جماعت اسلامی منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر جاری رکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام پانی کے شدید بحران سے دوچار ہیں ، یوسی 8سمیت آدھا شہر پانی سے محروم ہے اور بلاول بھٹو نے جلد بازی میں حب کینال 2کا افتتاح کر دیا ہے جو نا اہلی و کرپشن اور ناقص تعمیر کے باعث پہلے ہی شہر سے اہل کراچی کو پانی مل سلے ، جنید مکاتی نے کہا کہ ایک ہمارے حلقے کاپانی چنیسر ٹائون میں سعید غنی کے علاقے کو دیا جا رہا ہے ۔