سابق میئر کراچی وسیم اختر کی لاہور میں مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق سے اہم ملاقات

ماضی میں کراچی کی سیاست میں متحرک رہنے والی کئی اہم شخصیات نے اپنے نئے سیاسی کردار کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی،ذرائع

جمعہ 15 اگست 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے سابق ڈپٹی کنوینرو سابق میئر کراچی وسیم اختر نے لاہور میں حکمراں مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق سے اہم ملاقات کی ہے ۔ لگتا ہے شہری سندھ کی سیاست آئندہ دنوں نئی کروٹ لینے والی ہے ۔ اسی امکان کے پیش نظر ماضی میں کراچی کی سیاست میں متحرک رہنے والی کئی اہم شخصیات نے اپنے نئے سیاسی کردار کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے ۔

دوبئی میں کئی برسوں سے قیام پزیر سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اپنی نئی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے ان دنوں خاصے متحرک نظر آرہے ہیں اب سابق مئیر نے لاہور جاکر مسلم لیگی رہنما سے ملاقات کی ہے ۔ ایم کیوایم کیسابق و موجودہ ،غیر فعال رہنما بھی سیاسی افق پر متحرک ہونیکا ارادہ رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

نئے حالات میں ایم کیوایم پاکستان نے اپنی تنظیمی سرگرمیاں بڑھانیکا فیصلہ کیا ہے ۔

ایم کیوایم کی مرکزی قیادت رواں ماہ سکھر کا تنظیمی دورہ کریگی ۔ سکھر میں جنرل ورکرز کنونشن اور شمولیتی پروگرام کا انعقاد کا بھی امکان ہے ۔ یہ بہت دلچسپ امر ہے کہ خواجہ سعد رفیق اس وقت نواز لیگ میں غیر فعال ہیں جبکہ وسیم اختر ایم کیوایم کی سرگرمیوں سے الگ ہیں ۔ ان دونوں رہنماوں نے لاہور میں اپنی طویل ملاقات کے دوران مستقبل کیسیاسی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا ۔ وسیم اختر اسلام آباد بھی جائیں گے جہاں وہ سیاسی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔