ایتھوپین سفیر اور وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ’’ایتھو-پاکستان گرین لیگیسی ڈائیلاگ‘‘ کا انعقاد، ماحولیات پر دوطرفہ تعاون پر زور

ہفتہ 16 اگست 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ایتھوپین سفارتخانہ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ سندھ کے دفتر کے اشتراک سے ’’ایتھو-پاکستان گرین لیگیسی ڈائیلاگ ‘‘کا انعقاد کیا۔ اس مکالمے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی، زمین کی خرابی اور جنگلات کی کٹائی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔یہ فورم وزیر اعلیٰ سندھ کے دفتر میں منعقد ہواجس کی مشترکہ صدارت ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کی۔

ایتھوپیا کی گرین لیگیسی ٹیکنیکل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ادفریس ورکو گیزاؤ نے ایتھوپیا میں شجرکاری، دوبارہ جنگلات اگانے، خوراک کی سلامتی، روزگار کی فراہمی اور پانی و زمین کے انتظام سے متعلق ’’گرین لیگیسی انیشی ایٹو‘‘ کی تفصیلات پیش کیں جو وزیر اعظم ڈاکٹر آبی احمد کی قیادت میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلی و موسمیاتی تحفظ کے سیکرٹری زبیر احمد نے سندھ حکومت کی ماحول دوست پالیسیوں اور اقدامات پر پریزنٹیشن دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایتھوپین سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا نہ صرف افریقہ بلکہ عالمی سطح پر ماحول دوست ترقی کے لیے قیادت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ترقی پذیر ممالک کی معیشت، زندگی اور روزگار پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔سفیر نے زور دیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کو وزیر اعظم ڈاکٹر آبی احمد کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔

انہوں نے حکومت سندھ کو دعوت دی کہ وہ 8 سے 10 ستمبر 2025 کو ادیس اباباایتھوپیا میں منعقد ہونے والے افریقہ کلائمیٹ سمٹ میں شرکت کے لیے وفد بھیجے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ایتھوپین سفیر کی اس مثبت پیش رفت کو سراہا اور ماحولیاتی تحفظ و خوراک کی سلامتی کے لیے دو طرفہ تعاون کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت سندھ ماحولیاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایتھوپیا میں ہونے والے اجلاس میں اپنا وفد بھیجے گی۔