بروقت اور درست میٹر ریڈنگ اور اوور بلنگ کا خاتمہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خالد محمود

اتوار 17 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خالد محمود نے کہا ہے کہ بروقت اور درست میٹر ریڈنگ اور اوور بلنگ کا خاتمہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے اور مختلف ادوار میں اس پر کام بھی ہوتا رہا ہے مگر اب صارفین کے اس مسئلے کا مکمل حل ممکن بنایا گیا ہے اور ایک اسمارٹ پاور ایپلیکیشن ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ‘‘ متعارف کروا دی گئی ہے جس کا افتتاح وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی پاور ڈویژن سردار اویس احمد خاں لغاری نے کر دیا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجنیئر خالد محمود نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ متعارف کردہ پاور اسمارٹ موبائل ایپلیکیشن ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ‘‘ کو فوری طور پر گوگل پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے ڈوان لوڈ کریں اپنے قومی شناختی کارڈ یا موبائل نمبر سے اپنے آپ کو اس ایپلیکیشن پر رجسٹرڈ کروائیں اور مقررہ میٹر ریڈنگ کی تاریخ اور مقررہ وقت پر اپنے بجلی میٹر پر موجود میٹر ریڈنگ کی تصویر لیں اور اس کو ایپ پر اپ لوڈ کر دیں آپ کی لی جانے والی میٹر ریڈنگ کی تصویر متعلقہ آئیسکو دفتر کو خود کار طریقے سے موصول ہو جائے گی اور آپ کو بروقت اور درست میٹر ریڈنگ کا بل موصول ہو گا ، صارفین میٹر ریڈنگ کی واضح تصویر لیں۔

(جاری ہے)

انجینئر خالد محمود نے کہا کہ پاور اسمارٹ ایپ ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ‘‘ بلا شبہ پاکستان کے پاور سیکٹر میں ایک انقلابی اقدام ہے جس میں صارفین کو بلنگ سرکل میں براہ راست شامل کیا گیا ہے اور انھیں بروقت شفاف اور منصفانہ بجلی بل کا حصہ بنایا گیا ہے جو کے حکومت پاکستان ، وزارت توانائی اور آئیسکوکا ایک اہم فریضہ ہے۔آئیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر خالد محمود نے آئیسکو افسران اور سٹاف ممبران کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ اس صارف دوست اقدام کے بارے میں صارفین کو ہر فورم پر آگاہی فراہم کریں تاکہ صارفین ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ‘‘ ایپ کے فوائد سے مستفید ہو سکیں اور بروقت اور سو فیصد درست میٹر ریڈنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔