سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے فلش فلڈ کے متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی سامان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے حوالے کر دیا گیا

پیر 18 اگست 2025 21:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) گورنر ہائوس پشاور میں سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے فلش فلڈ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے حوالے کیا گیا۔تر جمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق پیر کے روز گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صوبہ سندھ کے صوبائی وزیر ریلیف مخدوم محبوب زمان نے سامان باضابطہ طور پر انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے حوالے کیا۔

صوبائی وزیر محبوب الزمان کے ہمراہ سیکرٹری ریلیف محکمہ سندھ اختر حسین بگٹی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ بھی تھے۔سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے امدادی سامان میں 100 فلٹریشن پلانٹ یونٹس، 4 ہزار راشن بیگز اور فوڈ و نان فوڈ آئٹمز سے بھرے 15 ٹرک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اشیائے خوردونوش میں آٹا، دالیں، دودھ، چینی، گھی، چائے سمیت دیگر ضروری سامان شامل ہے۔

یہ امدادی سامان ضلع بونیر اور صوبے کے دیگر فلش فلڈ سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا،انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند وزیر، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد زبیر اور ادارے کے دیگر حکام شریک تھے۔ اس موقع پر سندھ کے محکمہ ریلیف اور انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

امدادی سامان فراہمی کی تقریب کے موقع پر صوبہ سندھ کے وزیر ریلیف مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت کی جانب سے یہ امدادی سامان خیبرپختونخوا میں بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ اضلاع کیلئے بجھوایا گیا ہے،خیبرپختونخوا کے بھائیوں کیلئے مزید امداد بھی فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مسلسل رابطہ میں ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

انجمن ہلال احمر کے وائس چیئرمین فرزند وزیر اور پی پی پی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے فوری امداد کی فراہمی پر سندھ حکومت، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے اس پہلے کرم متاثرین کی مدد کی تھی اور آج ایک دفعہ پھر دکھ کی اس گھڑی میں مدد کرکے بھائی چارے کی ایک مثال قائم کی ہے جس پر صوبے کے عوام ان کے مشکور ہیں۔