سندھ کے سینئروزیر کاکے پی،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور گہری تشویش کا اظہار

پارٹی قیادت کی ہدایت پر کارکنان اور رہنما متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے،شرجیل میمن

پیر 18 اگست 2025 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)سندھ کے سینئر وزیراورشرجیل انعام میمن نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر پوری پارٹی متحرک ہے۔

پارٹی قیادت کی ہدایت پر کارکنان اور رہنما متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی واضح ہدایت ہے کہ کوئی بھی خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، قدرتی آفات کے وقت تمام صوبوں اور خطوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں، گھروں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرین کو فوری امداد کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ فلاحی تنظیمیں عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں اور خاص طور پر خوراک، ادویات، صاف پانی اور رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو بار بار قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لئے تمام اکائیوں کو مل کر ایک مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی ہمدردیاں اور نیک خواہشات خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔