بھارت کو جدید عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی امریکی کمپنیوں کیلئے خطرناک ہو سکتی ہے، امریکی مشیر ناوارو

پیر 18 اگست 2025 23:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیر پیٹر نیوارو نے کہاہے کہ امریکی کمپنیوں کے لیے بھارت کو جدید عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی خطرناک قدم ہو سکتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیر پیٹر نیوارو نے فناشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا ہے کہ جدید ترین امریکی فوجی صلاحیتوں کی بھارت منتقلی خطرناک ہے کیونکہ بھارت امریکی پابندیوں کے بعد اب روس اور چین دونوں سے قربت اختیار کر رہا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی رواں ماہ کے آخر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرنے والے ہیں جبکہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے دورے پر ہیں ۔مشیر پیٹر نیوارو نے کہاکہ بھارت کی روسی تیل کی خریداری ماسکو کو یوکرین کے خلاف جنگ میں مالی مدد فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر بھارت امریکہ کے تزویراتی شراکت دار جیسا سلوک چاہتا ہے تو اسے روس سے تیل کی خریداری روکنا ہو گی ۔

ناوارو نے کہاکہ بھارت روسی تیل کے لیے عالمی سہولت کار کے طور پر کام کرتا ہے جس سے پابندی شدہ خام تیل کو بیش قدر برآمدات میں تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ ماسکو کو اس کی ضرورت کے مطابق ڈالر مل جاتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ مالی فوائد کے لیے بھارت اب روس اور چین دونوں کے قریب ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگایاجائے گا جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے ٹیرف سے متعلق مذاکرات کیلئے امریکی وفد کے دورہ بھارت کو بھی منسوخ کردیا ہے۔