وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت مون سون شجرکاری مہم کا آغاز

منگل 19 اگست 2025 17:28

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت مون سون شجرکاری مہم کا آغاز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سالانہ مون سون شجرکاری مہم کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں مہم کا آغاز پہلے ہفتے کے عنوان *"ایک بیٹی، ایک شجر"* سے کیا گیا۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ شجرکاری محض علامتی کارروائی نہیں بلکہ ایک اہم قومی، ماحولیاتی اور موسمیاتی فریضہ ہے، جس میں ہر شہری کی شمولیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور قدرتی ماحول کی ضمانت ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے اسے اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور مدد فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومتیں، سماجی و مذہبی رہنما، طلبائ اور تمام طبقات بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پودوں کی افزائش اور شرح نمو کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کی جائے تاکہ مہم کے نتائج پائیدار ہوں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست تا اکتوبر کے دوران پورے ملک میں 4 کروڑ 10 لاکھ نئے پودے لگائے جائیں گے۔ حکومت نے اس سال شجرکاری مہم کو مختلف ہفتہ وار موضوعات کے تحت منانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں *"ایک بیٹی، ایک شجر"، "ہری چھتری"، "ایک پودا ہر شہید کے نام"* اور *"اسلام اور شجرکاری"* شامل ہیں۔

ان موضوعات کا مقصد خواتین، نوجوانوں اور مختلف اداروں کی شمولیت کو اجاگر کرنا اور شہدائ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسمی اور سیلابی تباہ کاریوں کے ازالے کے لیے خصوصی شجرکاری کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں اور آبی ریلوں سے ہونے والی تباہ کاریوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے لیے جنگلات ناگزیر ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی شزرہ منصب، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ---