خیبرپختوانخواہ میں گزشتہ 13سال سے درختوں پہاڑوں کی کٹائی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے ‘ اختر اقبال ڈار

حکمران سیلاب کے نام پر دنیا میں کشکول لے کر جائینگے ،قرضہ خوری کرتے ہوئے امدادی پیسے بھی کھا لیے جائینگے‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

بدھ 20 اگست 2025 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ قدرتی آفات ہمارے اعمالوں کے نتیجہ میں آتی ہیں ،پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں درختوں پہاڑوں کی کٹائی اور دریائوں نالوں پر تعمیرات کرکے قدرت سے ٹکرانے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے معمولی سیلاب بھی آفت کی شکل اختیار کر گئے اور سینکڑوں افراد سیلاب میں جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے اسی طرح کراچی سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نکاسی آب گٹروں کی صفائی ستھرائی کروانے کی بجائے فنڈ زکھا جانے سے پانی کی تباہی اب میدانی علاقوں میں بھی آناشروع ہو گئی ہے دوسری طرف حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ڈیم اور واٹر سٹوریج نہ بنانا بھی اس کی وجہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اختر اقبال ڈار نے کہاکہ سیلابی پانی سے تباہی کو روکنے کیلئے وظیفے پڑھنے کی بجائے درخت پہاڑ کاٹنے والوں اور ترقیاتی فنڈ زکھانے والے بڑے بڑے سیاستدانوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا ،جو لکڑی پہاڑوں کی کٹائی اور کراچی میں نکاسی آب کے منصوبوں کا پیسہ ہضم کرگئے ہیں اب وہی لوگ مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہوئے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ڈرامہ کر رہے ہیں ،اب حکمران سیلاب کے نام پر دنیا میں کشکول لے کر جائیں گے پھر قرضہ خوری کرتے ہوئے امدادی پیسے بھی کھا لیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختوانخواہ میں گزشتہ 13سال سے درختوں پہاڑوں کی کٹائی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور بلین ٹریزکے منصوبوں میں کرپشن کرنے والے عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔