چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت سیدہ نوشین افتخار کی زیر صدرات اجلاس ، وزارتکےماتحت اداروں کی بریفنگ

جمعرات 21 اگست 2025 15:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزارت قومی ورثہ و ثقافت کے ماتحت اداروں نے بدھ کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کی چیئرپرسن سیدہ نوشین افتخار کو اپنی کارکردگی اور سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی، سیکرٹری اسد رحمان گیلانی اور وزارت کے ماتحت اداروں کے سربراہان شریک ہوئے، جب کہ کراچی اور لاہور سے سربراہان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں لوک ورثہ میں ایک بڑا لوک میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں نوجوانوں اور عوام کو اپنی ثقافت سے جوڑا جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص نے کہا کہ اس طرح کے میلوں کے ذریعے یوتھ کو اپنی تہذیبی جڑوں سے قریب کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی آرٹسٹ کی تخلیقات نہ صرف بیرون ملک بھیجی جا رہی ہیں بلکہ عالمی نمائشوں میں پاکستان کے پویلین بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک کا مثبت امیج دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

حالیہ قطر میں منعقدہ ’’منظر نمائش‘‘ میں پاکستانی ڈانسرز کی پرفارمنس کو خصوصی پذیرائی ملی۔قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن سیدہ نوشین افتخار نے سکول کے بچوں کو آرٹس اور ادب سے جوڑنے کے اقدامات پر زور دیا جسے وفاقی وزیر نے سراہا۔ پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز (پال) کی سربراہ ڈاکٹر نجیبہ عارف نے بتایا کہ ادارہ ہر زبان میں رسائل شائع کرتا ہے، لٹریری میوزیم قائم کیا گیا ہے اور مختلف پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو ادب و لٹریچر سے جوڑا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران اقبالیات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے بتایا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 1948 میں اقبال کے نظریات کے فروغ کے لیے ایک لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا۔ سربراہ ایوانِ اقبالیات نے کہا کہ نوجوانوں کو اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے اجلاس کے دوران کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت پاکستان کا اصل چہرہ ہے اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈاؤن سائزنگ کے فیصلے کو معطل کیا، تاکہ ادارے اپنی کارکردگی بہتر بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اور اس کے ادارے اپنے کام کے ذریعے اپنی اہمیت ثابت کریں گے اور ڈاؤن سائزنگ کے خوف کو ختم کرنا ضروری ہے۔چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سیدہ نوشین افتخار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر ثقافت کے ساتھ مل کر نوجوانوں اور ثقافت کے فروغ کے لیے بھرپور کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میٹنگز میں تمام متعلقہ ادارے مکمل تیاری کے ساتھ شریک ہوں تاکہ عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔