پی ایچ اے کی میزبانی میں ’’ایتھو۔پاکستان گرین ڈائیلاگ‘‘ کا انعقاد

ماحول دوست کلچر، جدید ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال

جمعہ 22 اگست 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور اور ایتھوپیا کے سفارتخانے اسلام آباد کے اشتراک سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ’’ایتھو۔پاکستان گرین ڈائیلاگ: ایتھوپیا کی گرین لیگیسی انیشیٹو ‘‘کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ماحول دوست کلچر، جدید ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین تھے جبکہ سیکرٹری جنگلات، وائلڈ لائف اینڈ فشریز مدثر ریاض ملک، ڈی جی پی ایچ اے پنجاب ناہید گل اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ ایتھوپیا کے اعلی سطحی وفد کے علاوہ پاکستان سے سرکاری افسران، سفارتی نمائندے، ماہرین ماحولیات، مذہبی رہنما، تاجر برادری، یونیورسٹی پروفیسرز، طلباء وطالبات اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی و سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے لاہور منصور احمد نے ڈائیلاگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایتھوپین سفیر نے شرکاء کو وزیراعظم ایتھوپیا ڈاکٹر ابی احمد کے ''گرین لیگیسی انیشی ایٹو'' سے آگاہ کیا جس کے تحت 41 ارب سے زائد بیج لگائے گئے، جس سے جنگلات میں اضافہ، خوراک کے مسائل میں کمی، مٹی کے کٹاؤ پر قابو، غربت اور بے روزگاری میں کمی لانے میں مدد ملی۔

ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں کم ترین حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے، پاکستان اس جدوجہد میں تنہا نہیں، ایتھوپیا اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پنجاب میں گرین لیگیسی پروگرام پر گفتگو کا موقع فراہم کیا۔

ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ وزیراعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست ویژن کی عکاسی ہے، جو صوبے کو پائیدار اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز نے موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج پر ایتھوپین سفارتخانے اور پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے دوران گرین لیگیسی ایوارڈز دیے گئے اور شرکا کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی، جس سے پاکستان اور ایتھوپیا کے ماحول دوست تعاون کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

اختتامی سیشن میں گرین لیگیسی انیشی ایٹو پر ماہرین اور پالیسی سازوں کی پینل ڈسکشن ہوئی جس میں دیرپا ماحولیاتی استحکام کے لیے حکمت عملی اور کمیونٹی ماڈلز پیش کیے گئے۔ بعد ازاں سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے پاکستانطایتھوپیا تعاون کے مزید فروغ پر بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔