نیشنل پریس کلب میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

جمعہ 22 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد اور او پی جی ایف کشمیر چیپٹر کے زیر اہتمام فرینڈز آف کشمیر کی چیئر پرسن معروف مصنفہ و شاعرہ غزالہ حبیب کے اعزاز میں جمعہ کو این پی سی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، او پی جی ایف کشمیر چیپٹرکے ڈائریکٹر شفیق احمد بٹ، ممتاز حریت رہنماء عبدالحمید لون، مرزا آصف جرال، سینئر صحافی و اینکر مظہر برلاس، میاں اختر حسین،بلال ڈار، این پی سی کےممبر گورننگ باڈی تنویر شہزاد، جعفر علی بلتی،نائیلہ کیانی،ریحان حسین،سردار ماجد، نسیم انجم، محمد شفیع ڈار،عمر بٹ،ڈاکٹر لیاقت حسین خان،سردار ذوالفقار خان، سردار شوکت محمود ،عبداللہ شاہد خان، محمد فیصل چوہان، راجہ کامران سمیت مختلف مکتبہ فکر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی غزالہ حبیب خان نے اپنے اعزاز میں شاندار تقریب کے انعقاد پر نیشنل پریس کلب ،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور او پی جی ایف کشمیر چیپٹر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2001 میں فرینڈز آف کشمیر کی بنیاد ڈالی تھی، 2017ء میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اسے امریکہ میں رجسٹرڈ کروایا اور دنیا میں مذہبی آزادیوں پر بات کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ماں کا جو وقت اپنے بچوں کیلئے ہوتا ہے وہ انہوں نے کشمیر کاز کو دیا ہے اور کشمیر کے مسئلہ کو عالمی سطح پرنمایاں کرنے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں جس کی وجہ سے اقوم متحدہ نے کشمیر میں مذہبی آزادیوں کے حوالے سے ایک پورا باب تحریر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جنیوا میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے جس پر فخر ہے، کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ آج بھی کشمیری نوجوان شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کسی خاص ایجنڈے کے تحت کشمیریوں میں مایوسی پھیلا رہے ہیں، کشمیری نوجوانوں کو انکے خلاف بھی کھڑا ہونا چاہیئے۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ بھارتی عدالت کی طرف سے مودی حکومت کی ایماء پر یٰسین ملک کو سزا دینے کے بعدحریت کانفرنس کے کچھ دوستوں کے رابطہ کرنے پر بہترین تحریک چلائی گئی۔ اسی طرح برہان وانی کے واقعہ کے بعد تین دن تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے بھی اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی میں برہان وانی پر بھرپور آواز اٹھائی ۔ این پی سی کے صدر اظہر جتوئی نے کہا کہ بانی پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اس شہ رگ کو ہندوستان کے تسلط سےآزاد کروانا ہم سب پر قرض ہے۔ سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ کشمیر کو آزاد ہوتے دیکھنا ہم سب کا خواب ہے،انشاء اللہ وہ وقت بہت جلد آئے گا جب کشمیری آزاد فضاؤں میں سانسیں لے رہے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو صرف کشمیریوں سے منسلک کرنا نا انصافی ہے، کشمیر کی آزادی دنیا بھر میں بسنے والے ہر پاکستانی اور شخصی آزادیوں کیلئے ہر انسان دوست شخص کے دل کی آواز ہے۔ ڈائریکٹر او پی جی ایف کشمیر چیپٹرشفیق احمد بٹ کا کہنا تھا کہ غزالہ حبیب کی کشمیر کاز کے حوالے سے بہت خدمات ہیں،بیرونی دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ہم سب انکے معترف ہیں۔

مرزا آصف جرال نے کہا کہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پوری طرح سرگرم عمل ہے۔ معروف سینئر صحافی و اینکر مظہر برلاس نے کہا کہ کشمیر کا ایک راستہ گورداسپور سے ہو کر گزرتا ہے،وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور خالصتان دونوں آزاد ہونگے۔ نائلہ کیانی نے کہا کہ زمینی بنیاد پر مایوس نہیں ہونا چاہیئے، کشمیر پر بات ضرور کرنی چاہیئے، آپ کشمیر کاز میں جو حصہ ڈال سکتے ہیں ضرور ڈالیں۔

بلال ڈار نے کہا کہ معروف کشمیری رہنماء امان اللہ مرحوم کہا کرتے تھے کہ کشمیر کاز کو کشمیری نوجوان اپنے خون سے زندہ رکھے ہوئے ہیں،یٰسین ملک کو پھانسی کی سزادینے کی بھارتی کوششوں کیخلاف دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے۔ معروف صحافی اورچیف ایڈیٹر اسلام آباد ٹو ڈےسردار شوکت محمود نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر پر بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی فضائی، بری اور بحری برتری کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نادر موقع پیدا ہو گیا ہے جس کیلئے بیرون ملک پاکستان اور کشمیری قیادت کو اپنا متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔