یوم نیلہ بٹ کی تقریب کے دوران مختلف قراردادیں پیش ،آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

ہفتہ 23 اگست 2025 20:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) یوم نیلہ بٹ کی تقریب کے دوران مختلف قراردادیں پیش کی گئیں۔قراردادوں میں کہا گیا کہ مٹھی بھر لوگ مہاجرین کی سیٹیں ختم کروانے کے درپے ہیں جنکی بھر مذمت کرتے ہیں، آئین کیساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تو اسے ہر صورت روکا جائے گا، ایک اور قرار داد میں کہا گیا ہے کہ چین کی مسئلہ کشمیر پر حمایت پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ سی پیک کا دائرہ اختیار کشمیر تک بڑھایا جائے تاکہ کشمیر کی عوام بھی اس سے مستفید ہو سکے۔

ایک اور قرارداد میں افواج پاکستان کو بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا، قرار داد میں کہا گیا کہ افواج پاکستان کیساتھ ریاست کا بچہ بچہ کھڑا ہے، قرارداد میں حکومت پاکستان کیطرف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ دینے پر شکریہ ادا کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ ان اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں یہ خطہ آزاد کروا کر دیا اور ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں، ہمارے اسلاف کی جلائی ہوئی شمع کشمیر بنے گا پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں ،پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے مگر مسلم کانفرنس کے سپاہیوں نے انکو منہ توڑ جواب دیا،حقوق کے نام پر پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو ریاست کی عوام معاف نہیں کرے گی ،جو خطہ ہمارے اجداد نے آزاد اس لیے کروایا کہ یہاں سے بیس کیمپ بنا کر مقبوضہ وادی آزاد کروائیں گے یہاں سے ہو کر تحریک کے خلاف کام کرنے والوں کو شہداء کے خون سے غداری نہیں کرنے دیں گے ،ریاست کے اندر جو بھی حقوق اور سٹیٹس موجود ہے وہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہمارا نظریہ کشمیر بنے گا پاکستان ہے جس پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے۔

مہاجرین کی سیٹوں کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے ہندوستان کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں لیکن مسلم کانفرنس ایسا نہیں ہونے دے گی ۔یوم نیلہ بٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے سیکرٹری جنرل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مہر النساء نے کہا کہ ہمیں ملکر کشمیر کی آزادی کی تحریک کو آگے بڑھا کر مجاہد اول کے مشن کو آگے بڑھانا ہو گا ۔ سابق صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے ،مجاہداول نے یہاں سے تحریک آزادی کی بنیاد رکھی جس کی بدولت آج ہم آزاد فضامیں سانس لے رہے ہیں۔

مجاہد اول کا آزاد کروایا ہوا خطہ مہاجرین کی پناہ گاہ ہے۔ مجاہد اول کی سوچ و فکر کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار مرتے دم تک ادا کرتے رہیں گے۔یوم نیلہ بٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے علما مشائخ کونسل کے چیئرمین مولانا امتیاز احمد صدیقی نے کہا کہ یوم نیلہ بٹ کے موقع پر ریاست کشمیر کی عوام نے پاکستان کے جھنڈے کو جس محبت سے لہرایا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ کوئی کمزور نہیں کر سکتا، بھارت ہمارے خطے میں نظریاتی اور فکری انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے جسے یکجہتی کیساتھ ملکر روکنا ہو گا کلمے کی بنیاد پر ہم پاکستانی ہیں ،ہمارے اکابرین نے جس نظریے الحاق پاکستان کی بنیاد رکھی تھی اس نظریے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسلم کانفرنس کا قیام حق کی لڑائی تھی، مسلم کانفرنس ریاستی تشخص کی علمبردار ہے، قیام پاکستان سے آج تک کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ جب تک کشمیر کا ایک بھی بچہ زندہ ہے وہ بھارتی تسلط کو نہیں مانے گا۔چیئرمین نیلہ بٹ کمیٹی و سینئر رہنما مسلم کانفرنس سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کچھ لوگ نظریاتی انتشار پھیلا کر تحریک آزادی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جاے گا ،ہماری افواج نے بنیان مرصوص میں ہندوستان کو عبرت کا نشانہ بنایا جس پر پوری قوم انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے۔

میجرریٹائرڈ نصر اللہ خان نے یوم نیلہ بٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلہ بٹ سے حلف لیا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے لیے جہاد کریں گے۔ ڈوگرہ کو للکار کر کہا گیا کہ یا ریاست چھوڑ دو یا اسلام قبول کرو، آج آزادی کو خطرات لاحق ہیں یہ علاقے شہداء کے وارثوں کے ہیں شہداء کے وارث اپنے اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے کچھ بدبخت لوگ مسائل کے نام پر تباہی پھیلانا چاہتے ہیں جو کوہالہ میں پاکستان کا پرچم گرا کر گئے ایسے بد بختوں کو ریاست کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

چیئرمین یوتھ ونگ مسلم کانفرنس عثمان علی خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں جو پاکستان کی سالمیت کے لیے ہمیشہ پہلے نمبر پر رہتے ہیں کوئی عہدہ کوئی حکومت ہمیں نظریہ الحاق پاکستان سے پیچھے نہیں ہٹا سکی نظریاتی انتشار جب بھی بڑھا مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اسکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پاکستان سے رشتہ کبھی کمزور نہیں ہونے دیا ،آج کے اجتماع نے ثابت کر دیا کہ مسلم کانفرنس کو کارنر کرنے کی باتیں کرنے والوں کو عوام نے کارنر کر دیا ہے ہم مجاہد اول کے کاروان میں کھڑے ہیں جو ریاستی تشخص کا علمبردار ہے ہم لڑ کے مریں گے مگر نظریہ الحاق پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے ۔

تقریب کے اختتام پر شہداے کشمیر کی بلندی درجات، کشمیر کی آزادی، پاکستان کی سالمیت،غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔