عبدالرحمان پر ڈکیتوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں، مہاجر قومی موومنٹ

سندھ حکومت نے اندرون سندھ کے جرائم پیشہ افراد کو کراچی پر مسلط کیا، مرکزی رہنما نوید نارو

ہفتہ 23 اگست 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی رہنما نوید نارو نے سندھ اربن گریجویٹ فورم کے رکن فرید احمد کے صاحبزادے عبدالرحمان پر ڈکیتوں کی فائرنگ اور شدید زخمی ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر سے جرائم پیشہ افراد اور قاتلوں کو سرکاری سرپرستی میں کراچی پر مسلط کیا گیا ہے۔

رواں سال ڈکیتوں کی فائرنگ سے 59 افراد کی ہلاکت اور درجنوں زخمیوں کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ نوید نارو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بیڈ گورننس کی بدترین مثال ہے، ہرطرف مافیاز اور جرائم پیشہ افراد کا راج ہے بلکہ یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ قاتلوں، ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو شہریوں کو لوٹنے اور قتل کرنے کا باقاعدہ ٹاسک ملا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نوید نارو نے کہا کہ ملک اور صوبے کو ہرسال کھربوں روپے دینے والے شہر کو اگر بدلے میں موت اور بدامنی ملے تو پھر اپنا تحفظ خود کرنا ضروری ہوجاتا ہے، آج وقت نے ثابت کردیا کہ چیئرمین آفاق احمد کا لائسنس والا اسلحہ رکھنے کا مشورہ بالکل درست ہے کیونکہ حکومت یا پولیس سے تو امید نہیں کہ وہ عوام کو جرائم پیشہ افراد سے بچائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عبدالرحمان کو شدید زخمی کرنے والے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔