ٴپاکستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم پر شدید تشویش کا اظہار

ں*عدالتی فیس میں اضافے کی مخالفت، پاکستان بار کونسل نے فوری واپسی کا مطالبہ کر دیا

ہفتہ 23 اگست 2025 22:50

yاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء)پاکستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد یاسین آزاد کی زیر صدارت ہوا، جس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں حالیہ ترامیم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں خاص طور پر سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتی فیس میں اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جسے غریب طبقے کے بنیادی حق انصاف پر حملہ قرار دیا گیا۔

پاکستان بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ عدالتی فیس میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس اضافے نے غریب عوام کے لیے انصاف کی فراہمی کو مشکل بنا دیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس اہم فیصلے سے قبل پاکستان بار کونسل کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جو کہ آئین اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بار کونسل نے اس معاملے کے حل کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی ہے، جس میں سیاسی جماعتوں اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے شریک ہوں گے۔

اس اجلاس میں جسٹس (ر) ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ کے گھر پر سی ٹی ڈی کے چھاپے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بغیر سرچ وارنٹ کے کسی کے گھر میں داخل ہونا آئین، قانون اور شہری آزادیوں کی خلاف ورزی ہے۔اس کے علاوہ، وکیل میاں عاصم کاکاخیل کے پولیس اہلکار کے ہاتھوں قتل کو بھی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پاکستان بار کونسل نے تمام ان واقعات کو انصاف کے حق میں سنگین دھچکا قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ آئین کی بالادستی اور شہری آزادیوں کی حفاظت کی جا سکی